تازہ تر ین

پاک آسٹریلیا پہلا ٹی 20معرکہ آج

ابوظہبی(نیوزایجنسیاں) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین3ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (آج)بدھ کو شیخ زید کر کٹ ا سٹیڈیم ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات09:00بجے شروع ہوگا۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ، فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ دونوں سیریز بہت اہم ہیں، آسٹریلیا کی ٹیم بھی بہت مضبوط ہے لیکن ہم اپنی ٹاپ پوزیشن کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو سمجھاتا ہے کہ غیر ضروری عناصر سے دور رہیں جس کے بعد اب کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اگرکوئی ایسی چیز دیکھیں تو فوری مطلع کریں۔دونوں ٹیموں میں دنیا کے مشہوراور کامیاب ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی ہیں۔ تین میچوں کی سیریز میں پاکستان اپنے سب سے قابل اعتماد اور سینیئر بیٹسمین، سابق کپتان شعیب ملک کی خدمات سے محروم ہوگی۔شعیب ملک اپنے بچے کی ولادت کے سلسلے میں حیدرآباد دکن میں ہیں۔ وہ میچ سے چند گھنٹے پہلے ٹیم کو ابوظہبی میں جوائن کریں گے۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے تصدیق کی ہے کہ شعیب ملک کو پہلا میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیوں کہ وہ اسپتالوں میں مصروف رہے ہیں اس لیے فوری طور پر ٹیم میں شامل کرنا درست نہیں ہے، ان کی جگہ نوجوان کھلاڑی حسین طلعت لیں گے۔میچ سے قبل آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ پاکستان ٹاپ ٹیم ہے اور گزشتہ تین سال سے اچھی فارم میں ہے۔ایرون فنچ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو کسی بھی طرح آسان حریف نہیں کہہ سکتے، پاکستان اس وقت بہت اچھی کرکٹ کھیل رہا ہے، اس کے پاس بڑے نام نہیں ہیں لیکن جذبہ بہت ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ایک برقرار رہنے کیلئے آسٹریلیا سے ایک میچ لازمی جیتنا ہوگا جب کہ آسٹریلیا کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے کیلئے پاکستان سے سیریز تین صفر سے جیتنی ہوگی۔آسٹریلیا 1-2 سے سیریز جیت کر بھارت کو نمبر دو پوزیشن سے محروم کرسکتا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 17 ٹی ٹوئنٹی میچزہوئے ہیں جن میں پاکستان کا پلہ بھاری ہے اور اس نے دس میچز جیتے ہیں۔ آسٹریلیا نے سات میں کامیابی حاصل کی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain