لاہور(آئی این پی)دنیا کی بہترین بولر کا اعزاز پانے والی پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے عمران خان اور مہندرا سنگھ دھونی کو اپنا پسندیدہ کرکٹر قرار دے دیا۔ثنا میر نے نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرے پسندیدہ کرکٹر پاکستان کے سابق کرکٹر اور وزیراعظم عمران خان اور بھارتی کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی ہیں۔اس سے قبل بھی مختلف چینلز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے دھونی کو فیورٹ قرار دیا تھا۔دھونی کے بارے میں ان کی رائے ہے کہ دھونی کھیل کے میدان میں اور کھیل کے میدان سے باہر خود کو بہت اچھے سے ہینڈل کرتے ہیں ۔ایک انٹرویو میں انہوں اس راز سے بھی پردہ اٹھایا تھا کہ دھونی پاکستانی خواتین ٹیم میں سب سے زیادہ مشہور کرکٹر ہیں۔ثنا میر آئی سی سی کی ون ڈے میچز کی رینکنگ میں نمبر ون بولربن گئی ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کھلاڑی ہیں۔آئی سی سی رینکنگ کے مطابق 32سالہ ثنا میر 663ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہیں، جنوبی آسٹریلیا کی میگن شوٹ صرف 3 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے جبکہ جنوبی افریقا کی جیس جوناسن 636ریٹنگ پوائنس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سابق کپتان ثنا میرنے آسٹریلیا کے خلاف سیریزمیں 7 وکٹیں حاصل کی ۔واضح رہے کہ سیریز میں ثنا کی شاندار بولنگ پرفارمنس سے ٹیم تو کامیاب نہ ہو سکی لیکن ثنا میر کو رینکنگ میں چار درجے ترقی ملی اور بولرز میں ٹاپ پر پہنچ گئیں ۔صرف یہی نہیں آل راونڈرز میں بھی ثنا میر نے پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ۔