ارجنٹینا(ویب ڈیسک) کینسر سے صحت یابی کے بعد مریض نے اپنے سرجن اور اسپتال کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منفرد طریقہ اپنا کر سب کے دل جیت لیے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن کا نوجوان شہری نینو سرگیئرو بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھا۔ زندگی سے مایوس نوجوان کی ماہر آنکولوجوسٹ ڈاکٹر پال لاڈا نے ہمت بندھائی اور آپریشن کے لیے رضامند کیا۔ 42 سالہ سرجن کی سربراہی میں ڈاکٹرز کی ٹیم طویل آپریشن کے بعد کینسر کو آنت سے نکالنے میں کامیاب ہوگئی۔نوجوان کی کیمو تھراپی کا عمل ابھی آخری مراحل ہے اور وہ خود کو کافی صحت مند محسوس کر رہا ہے۔ پر عزم نوجوان نے ایک بار پھر زندگی ملنے کو سرجن کی مرہون منت قرار دیتے ہوئے اپنی پیٹھ پر سرجن اور اسپتال کا خاکہ بنوالیا۔ پیٹھ پر بنے ان ٹیٹوز کے ساتھ سرجن کی تصویر نے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرلی۔نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سرجن کو انوکھا تحفہ دینا چاہتا تھا جو اب تک کسی مریض نے اپنے معالج کو نہ دیا ہو۔ کینسر تو میرے جسم سے ختم ہوگیا لیکن جس کی وجہ سے کینسر ختم ہوا وہ عظیم محسن اب ساری عمر میرے ہمراہ ٹیٹو کی شکل میں رہے گا۔