دیپکاکی شادی تقریب شروع‘30 افراد شرکت کرینگے

ممبئی(شوبزڈیسک )بالی ووڈ کی خوبصورت جوڑی دیپکا اور رنویر کی شادی کی تقریبات کاآغاز ہوگیا۔اسی سلسلے میں دیپکا پڈکون کے گھر ہندوﺅں کی مذہبی رسوم وروایات کے مطابق پوجا کا اہتمام کیاگیا ہے۔اس پوجا کا اہتمام دلہا اوردلہن دونوں کے گھر کیا جاتا ہے تاہم فی الحال یہ تقریب دیپکا پڈکون کے گھر منعقد کی گئی ہے۔دیپکا زرد رنگ کے لباس میں نہایت خوش اور خوبصورت نظر آرہی ہیںجس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔دیپکا پڈکون کا لباس معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی نے ڈیزائن کیا ہے۔ واضح رہے کہ دیپکا پڈکون اور رنویر سنگھ کی اٹلی کے خوبصورت مقام ‘لیک کومو میں ہوگی۔جہاں صرف 30افراد شرکت کریں گے ۔
شادی 14نومبر کو ساﺅتھ انڈین روایات کے مطابق ہوگی اور پھر 15نومبر کو سندھی روایات کے مطابق تقریب ہوگی۔
بعد ازاں یکم دسمبر کو ممبئی میں دپیکا اور رنویر کی شادی کی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بالی وڈ اسٹارز سمیت دیگر نامور شخصیات مدعو ہوں گے

نکاح پر نکاح کیس‘میرا نے عدالتی فیصلہ چیلنج کردیا

لاہور(شوبزڈیسک )سکینڈل کوئین اداکارہ میرا نے ایک بار پھر عتیق الرحمان کے ساتھ نکاح سے انکار کرتے ہوئے عدالتی فیصلہ چیلنج کردیا۔ اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیصلہ سیشن کورٹ میں چیلنج کردیا، فیملی کورٹ نے اداکارہ میرا کا عتیق الرحمان سے نکاح درست قرار دیا تھا۔اداکارہ میرا نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ان کا عتیق الرحمان سے نکاح نہیں ہوا، فیملی کورٹ نے حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا۔ عتیق الرحمان نے جھوٹ بول کر فیملی عدالت کو گمراہ کیا۔ اداکارہ نے نکاح کی تصاویر کو بھی جعلی قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی اسکینڈل کوئین نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت فیملی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا حکم دے۔واضح رہے کہ رواں سال مئی میں لاہور کی فیملی عدالت نے اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نکاح نامے کو درست قرار دیاتھا۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز آج پہلے ٹی 20میں آمنے سامنے

کولکتہ (اے پی پی) بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائیگا۔ ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں عبرتناک شکستوں کے بعد کالی آندھی کو اب ٹی ٹونٹی سیریز میں میزبان ٹیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے مہمان ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا جبکہ پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں 3-1 سے شکست دی تھی۔ کالی آندھی کو دو مرتبہ ٹی ٹونٹی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے اور اس کا شمار ٹی ٹونٹی کی خطرناک ٹیموں میں کیا جاتا ہے، دوسری جانب بھارتی ٹیم کو ہوم گراﺅنڈ اور کراﺅڈ کا ایڈونٹیج حاصل ہو گا اسلئے سیریز میں دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 6 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 11 نومبر کو کھیلا جائیگا۔

شہباز سینئر انٹر نیشنل ہاکی فیڈ ریشن ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب

نئی دہلی (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری جنرل اور قومی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ایگزیکٹو بورڈ کے رکن منتخب ہو گئے۔ ایف آئی ایچ کی 46ویں کانگریس میں ایگزیکٹو بورڈ اراکین انتخابات کے دوران ان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی ایچ کی 46ویں کانگریس نئی دہلی، بھارت میں منعقد ہوئیں جس میں دنیائے ہاکی کے 250 مندوبین نے شرکت کی، کانگریس میں ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ کے چار اراکین کا انتخاب اہم ایجنڈوں میں سے ایک تھا، انتخابات میں دو مرد اور دو خواتین اراکین کا انتخاب عمل میں لایا گیا، پاکستان کے شہباز احمد اور جرمنی کے ڈاکٹر مائیکل گرین، ٹرنبیگو اینڈ ٹوبیگو کی مارین کریگ روسیو اور گھانا کی الزبتھ سوفیا کنگ ایگزیکٹو بورڈ کی رکن منتخب ہوئیں۔ شہباز احمد کا شمار ہاکی کے عظیم کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے اور انہیں 300 انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، وہ 1990ءمیں پاکستان اور 1994ءمیں آسٹریلیا میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔ ان کی زیر قیادت پاکستانی ٹیم نے 1992ءمیں بارسلونا اولمپکس گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

وزیراعظم کی قومی ٹیم کو شاندارپرفارمنس پر مبارکباد

بیجنگ(نیوزایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی دکھانے پر مبارکباد دی ہے۔ میڈیا کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل 11ویں سیریز جیتنے پر وزیراعظم عمران خان نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز نے میچز میں بہترین کھیل پیش کیا، پاکستان کی مزید کامیابیوں کیلئے پر امید ہوں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں بہترین ٹیم اسپرٹ دیکھنے کو نظر آئی، لگاتار 11ویں کرکٹ سیریز جیتنا ایک بڑا اعزاز ہے، امید ہے قومی ٹیم اپنی کارکردگی کے تسلسل کو آئندہ بھی برقرار رکھے گی ۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف 3میچزکی ٹی20 سیریز میں پاکستان کو 2-0کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

نجم سیٹھی کی جانب سے 10کروڑ ہرجانے کی درخواست

لاہور (آن لائن) ایڈیشنل سیشن جج محمد اسلم پنجوتہ نے سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کی جانب سے دائر 10 کروڑ روپے ہرجانے کے ہتک عزت کے دعویٰ میں وزیراعظم عمران خان سے 22 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ نجم سیٹھی کی جانب سے دائر ہتک عزت کے دعویٰ میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے جلسوں میں ان پر بے بنیاد الزامات عائد کئے جس سے ان کی ساکھ متاثر ہوئی لہٰذا عدالت عمران خان کے خلاف 10 کروڑ ہرجانے کی ڈگری جاری کرے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد عمران خان کے وکلاءکو 22 نومبر تک جواب داخل کروانے کی ہدایت کی ہے۔ (ایم خالد)

بابر کو ٹی 20 میں تیز ترین ہزار رنز کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 48 سکوردرکار

دبئی (اے پی پی) سٹار پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کے تیز ترین ہزار رنز کا عالمی ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید 48 رنز درکار ہیں، توقع ہے کہ وہ (آج) اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیں گے، اگر بابر کامیاب ہو گئے تو وہ تیز ترین ہزار رنز مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کریں گے، اس وقت تیز ترین ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے 27 اننگز میں سنگ میل عبور کیا تھا جبکہ بابر نے اب تک 25 اننگز میں 952 رنز بنا رکھے ہیں اور انہیں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے ایک اننگز میں 48 رنز کی ضرورت ہے\

گرین شرٹس کی نظریں وائٹ واش پر،کیویز سے تیسرا ٹی 20آج

دبئی (اے پی پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں (آج) اتوار کو دبئی کے مقام پر آمنے سامنے ہوں گی، گرین شرٹس کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی، گرین شرٹس نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیویز کو 6 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں برتری دوگنی کی۔ مسلسل فتوحات کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑیوں نے تیسرا میچ جیت کر حریف ٹیم کو سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کرنے پر نظریں مرکوز کر لی ہیں، دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ فیصلہ کن برتری ملنے کے باعث آخری میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے نئے پلیئرزکو آزمائے جانے کا امکان ہے۔وقاص مقصود،عثمان شنواری اورحسین طلعت کو بھی موقع دیاجاسکتاہے۔پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیویز کے خلاف ابتدائی دونوں میچزمیں کامیابی کو ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ ہے اور کیویز کو آخری میچ میں بھی شکست دیکر مشن وائٹ واش مکمل کریگی۔کیویز ٹیم کے قائد کین ولیمسن کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف ابتدائی دونوں میچز ٹف ہوئے مگر کامیابی نہیں ملی۔سیریزہاتھ سے نکل جانے کا افسوس ہے۔پاکستان نے اپنی شاندار پرفارمنس سے خودکودنیاکی نمبرون ٹیم ثابت کرکے دکھایا۔آج کامیچ جیت کر اپنی ساکھ بچاناچاہتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے بعد تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے علاوہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائیگی۔

وزیراعظم کی قومی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد

اسلام آباد۰ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی دکھانے پر مبارکباد دی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل 11ویں سیریز جیتنے پر وزیراعظم عمران خان نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔اپنے ایک بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز نے میچز میں بہترین کھیل پیش کیا، پاکستان کی مزید کامیابیوں کیلئے پر امید ہوں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچز میں بہترین ٹیم اسپرٹ دیکھنے کو نظر آئی، لگاتار 11ویں کرکٹ سیریز جیتنا ایک بڑا اعزاز ہے، امید ہے قومی ٹیم اپنی کارکردگی کے تسلسل کو آئندہ بھی برقرار رکھے گی۔

کرکٹ اسٹار شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے بیٹے کی تصاویرمنظرعام پر

حیدرآباد دکن(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے بیٹے اذہان کی تصاویر منظرعام پر آگئیں۔عالمی شہرت یافتہ ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا کو اسپتال سے ڈسچارج کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں ثانیہ مرزا اپنے بچے کو اٹھائے اسپتال سے باہر آتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔اسٹار جوڑی نے اپنے بیٹے کا نام اذہان مرزا ملک رکھاہے، اذہان عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب خدا کی طرف سے عطا کردہ تحفہ ہے۔ ثانیہ اور شعیب ملک کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح دنیا بھر میں پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگی جس کے بعد مختلف بچوں کی تصاویر بھی آنا شروع ہوگئیں اور دعویٰ کیا جاتا رہا کہ یہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کا بیٹا ہے تاہم شعیب ملک نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کوئی بھی ان کا بیٹا نہیں ہے۔اب پہلی بار ثانیہ مرزا کو اسپتال سے ڈسچارج کرتے ہوئے ان کے بیٹے کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد شعیب ملک فوری طور پر واپس یو اے ای آگئے اور انہوں نےنیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔واضح رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن کے مقامی اسپتال میں ثانیہ مرزا کے ہاں 30 اکتوبر کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، خبر کی اطلاع ملتے ہی ان کے شوہر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک ہنگامی بنیادوں پر یو اے ای سے بھارت پہنچے تھے۔