صبا قمر اور سجل علی کا کمرشل چینلز سے آن ایئر ہو گیا

لاہور (شوبزڈیسک ) اداکارہ صباءقمر اور سجل علی کا کمرشل نجی ٹی وی چینلز سے آن ایئر ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق صباءقمر اور سجل علی کا کمرشل چار ماہ قبل مکمل کر لیا گیا تھا تاہم اب کمرشل کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے آن ایئر کر دیا گیا ہے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب کسی کمرشل میں دونوں اداکارائیں اکٹھی نظر آرہی ہیں۔

”کوکوکورینا “پرتنقید کرنیوالوں کو مومنہ مستحسن نے دیا ایک نیا تحفہ

کراچی (شوبزڈیسک ) کوک اسٹوڈیو میں ”کوکو کورینا“ گانے والے مومنہ مستحسن نے ”ایک اور تحفہ “ دے ڈالا،جو ”کوکوکورینا“ کا ایک اور نیا ورژن ہے۔ تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو میں ”کوکوکورینا“ کا نیا ورژن گانے والے مومنہ مستحسن اوراحد رضا میر پرکی جانے والی تنقید یقینا سبھی کے ذہنوں میں تازہ ہو گی۔ عام شائقین موسیقی سے لیکر سیاستدان تک اس حوالے سے پیش پیش رہے تھے۔ اس تنقید کا ایک ماہ پورا ہونے پر مومنہ مستحسن نے ”ایک اور تحفہ “ دے ڈالا ہے۔یہ تحفہ کوئی عام چیز نہیں بلکہ کوکوکورینا کا ایک اور نیا ورژن ہے۔انسٹا گرام پیج پر مومنہ نے ایک ویڈیو اپ لوڈ کی جس میں ایک نئے ڈھب سے یہ گانا گا رہی ہیں اور ان کے عقب میں ”لیوٹوئنز“وائلن اور گٹار بجا ہے ہیں۔ لیو ٹوئنز، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے جڑواں موسیقاربھائی ہارون لیو اور شارون لیو ہیں۔ لگتا ہے کہ مومنہ نے تنقید کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا اس لئے بطور خاص ایک ماہ پورا ہونے پر انہوں یہ ویڈیو اپ لوڈ کی ۔

ڈریم گرل دیپکافلموں میں اگلے سال نئی لک سے انٹری دینگی

ممبئی (شوبزڈیسک )چند روز قبل بھارتی اداکار رنویر سنگھ سے شادی کرنے والی ڈریم گرل دیپکا پڈکون کی فلموں میں جلد واپسی ہو گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق باجی راوکی مستانینے کافی وقت سے کوئی فلم سائن نہیں کی ، انہوں نے آخری بار رواں سال ریلیز ہونے والی فلم پدماوت میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ شادی کے بعد اب وہ 2019 میں فلموں میں دوبارہ لوٹیں گی،میگھنا گلزار کی تیزاب حملے سے متاثرہ لکشمی اگروال کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔فلم کی عکس بندی اگلے سال فروری میں شروع ہونے کا امکان ہے۔اطلاعات یہ بھی ہیں کہ دپیکا ا?نے والی فلم میں ناصرف اداکاری کے جوہر دکھائیں گی، بلکہ وہ اس فلم کو پروڈیوس بھی کریں گی اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ وہ اپنی ہی فلم کو پروڈیوس کریں گی۔

شاہ رخ کی ”زیرو “کا گیت ”میرے نام “ مقبول ہو گیا

ممبئی (شوبز ڈیسک ) بالی وڈ فلم زیرو کا پہلا رومانوی گانا میرے نام تو ریلیز ہوتے ہی مداحوں میں مقبول ہوگیا ہے، جسے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکارہ انوشکا شرما پر فلمایا گیا ہے ۔ گزشتہ روز ریلیز کیے گئے اس گانے کو یوٹیوب پر اب تک 90 لاکھسے زائد مداح دیکھ چکے ہیں۔اس گانے کی موسیقی میوزک ڈائریکٹر اتل اور اجے نے ترتیب دی ہے جب کہ شاعری ارشاد کامل نے لکھی ہے، جسے گلوکار ابھے جودھپور نے اپنی آواز دی ہے۔گانے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ رخ خان انوشکا سے اپنے جذبات کا اظہار کر ہے ہیں۔انے کے ریلیز ہونے سے قبل انوشکا نے انسٹاگرام پر مداحوں کے لیے ایک دلچسپ پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا جتنا یہ پورا ہے اس سے لمبا تو عافیہ یوسف زئی بھندر کا نام ہے، پھر بھی مجھے کہتا ہے تو میرے نام ہے۔واضح رہے کہ انوشکا فلم میں عافیہ یوسف زئی کا کردار نبھا رہی ہیں جو معذور ہے، جبکہ شاہ رخ خان پہلی دفعہ بونے کا کردار نبھا رہے ہیں جس کا نام بووا سنگھ ہے۔شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کے علاوہ فلم میں کترینہ کیف بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔فلم رواں برس 21 دسمبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے غزہ میں 14 فلسطینی زخمی

غزہ (صباح نیوز) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میںجمعہ کے روز ‘حق واپسی’ اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے ہونے والےمظاہرےمیں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14فلسطینی زخمی ہوگئے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14شہری زخمی ہوئے۔مشرقی غزہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے مظاہروں میں آمد کا آغاز کیا۔ یہ مسلسل 35 واں ہفتہ ہے جس میں غزہ کی پٹی میں اسرائیل مخالف مظاہرے کیے گئے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خراب موسم کے باوجود فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے مشرقی سرحد پر جمع ہو کر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر 30مارچ 2018 سے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر روز شام کے اوقات میں بالخصوص جمعہ کو بڑی تعداد میں شہری اسرائیل کے خلاف مظاہروں میں حصہ لیتے ہیں۔ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں اب تک 235فلسطینی شہید اور 25ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔

ایوانکا سے متعلق خبریں جعلی قرار،ٹرمپ بیٹی کے دفاع میں ڈٹ گئے

واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بیٹی ایوانکا ٹرمپ سے متعلق خبروں کو جھوٹی اور جعلی قرار دے دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بیٹی کے دفاع میں سامنے آگئے، ٹرمپ نے اپنی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ کی جانب سے سرکاری کاموں کے لیے ذاتی ای میل اکاﺅنٹ استعمال کرنے کی خبر کو جھوٹی اور من گھڑت قرار دے دیا۔

لٹل ماسٹر چیس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ،اجتبیٰ انڈر10چمپئن بن گئے

لاہور(سپورٹس رپور ٹر ) لارل بنک سکول سسٹم کے زیر اہتمام ایک روزہ لٹل ماسٹر چیس ٹورنا منٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ تین کیٹگری میں منعقد ہونےوالے ٹورنامنٹ کی انڈر 10 کیٹگری میں اجتبی’۔ انڈر 14 میں محمد عادل عرفان جبکہ کیٹگری میں سبط علی نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ایل پی ایس اور پنجاب چیس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد ہونے والے ایک روزہ ایونٹ میں لاہور بھر سے 100 سے زائد پلیئرز نے تین کیٹگری میں حصہ لیا۔ انڈر 10 میں اجتبی’ عامر نے پہلی، محمد ارحم رحیم نے دوسری، ہاشم عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ نڈر 14 کیٹگری میں محمد عادل عرفان نے پہلی، عادل ریحان نے دوسری، محمد سمیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اوپن کیٹگری میں سبط علی نے پہلی، احتشام الحق نے دوسری، حضا طارق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف انجینرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد تنویر تھے جنہوں ڈائریکٹر لارل بنک سکول سسٹم عمران میاں کے ساتھ کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ مہمان خصوصی محمد تنویر کا کہنا تھا کہ ایل پی ایس کی انتظامیہ کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے جس نے نوجوان کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کر رہی ہے۔ آخر میں عمران میاں نے مہمان خصوصی کو شیلڈ پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایرانی فضائیہ کے 37 اہلکاروں کو چین میں فوجی تربیت دینے کا انکشاف

تہران (این این آئی) ایرانی فضائیہ کے اہلکاروں کو چین اور دوسرے ما لک میں عسکری تربیت دی جا رہی ہے۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ حال ہی میں ایرانی فضائیہ کے 37 اہلکاروں پر مشتمل ایک دستے کو فضائی تربیت کی ایک ورکشاپ میں شرکت کے ہیے چین روانہ کیا گیا۔ ایرانی مواصلاتی وزیر کے معاون مرتضیٰ براری نے بتایا کہ ایرانی ایلیٹ فورس کے 37 اہلکاروں کو چین میںتربیت کے لیے بھیجا گیا۔ ان میں 25 ایم اے اور 12 پی ایچ ڈی کے طالب علم ہیں۔ یہ تمام اہلکار چین میں ہونے والی فضائی تکنیکس کی ورکشاپ میں شرکت کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایرانی ایلیٹ کے اہلکاروں کو ایشیائی فضائی فضائی تعاون تنظیم کے تعاون سے بیجنگ بھیجا گیا۔

طیب اسلم ڈی ایچ اے سکواش کپ فائنل میں ہمت ہارگئے

کراچی (اے پی پی) سیڈ 3 ملائشیا کے ایوان یون نے سیڈ4 پاکستان کے طیب اسلم کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر ڈی ایچ اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ جیت لیا، سیڈ 3 مصر کی فریدہ محمد نے ایک گیم کی قربانی دے کر اپنی ہم وطن ان سیڈڈ کھلاڑی امینہ الریحانے کو پچھاڑ کر ویمنز ایونٹ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام پی ایس اے کی منظور شدہ ساڑھے 23ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی ڈی اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ 2018 ءہفتہ کو اختتام پزیر ہوگئی۔ ڈی اے کریک کلب کے اسکواش کمپلیکس پر 18 ہزار ڈالرز کی مالیت کے مینز ایونٹ کا فائنل سیڈ3 ملائشیا کے ایوان یون اور پاکستان کے سیڈ 4 طیب اسلم کے درمیان کھیلا گیا،54 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف عمدہ تیکنیک اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے داد تحسین پائی۔ فاتح کھلاڑی نے پہلی گیم 5-11 سے جیت کر اپنی سبقت قائم کی لیکن دوسرے گیم میں طیب اسلم 5-11 سے کامیابی پاکر مقابلہ1-1 سے برابر کر دیا۔ تیسرے گیم میں ملائشیا کے کھلاڑی نے کسی مزاحمت کے بغیر 3-11 سے فتح پاکر1-2 کی بتری پالی، چوتھے گیم میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا جو ایوان نے 13-15 سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ وہ چیمپئین شپ کے فاتح بھی بن گئے، طیب اسلم نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر کے کریم الفاطی کو اپ سیٹ شکست سے ہمکنار کیا تھا۔ دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں چار اپ سیٹ کرنے والی مصری کھلاڑی امینہ ریحانے فائنل میں ناکامی کا شکار ہوگئیں، ساڑھے 5 ہزارڈالرز کی انعامی رقم کے ایونٹ کے سیمی فائنل میں سیڈ2 ملائشیا کی اوئی کا بان کو قابو کرنے والے سیڈ 3 مصر کی فریدہ محمد نے امینہ کو 19 منٹ کی تگو دو کے بعد 1-3 سے زیر کرکے وننگ ٹرافی پر قبضہ جمالیا، فریدہ نے فائنل میں 4-11،11-6،4-11 اور0-11 سے جیت کو گلے لگایا۔ پہلا انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے والی 16 برس کی امینہ نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ پاکستان کی مدینہ ظفر کو ہرایاتھا۔ آخر میں انعامات تقسیم کئے گئے، سابق عالمی چیمپئین اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے ایک عشرہ کے بعد کراچی میں انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل اسکواش کی راہیں کھل گئیں، آخر میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

کولمبو ٹیسٹ میںسری لنکن ٹیم سنبھل کر لڑکھڑا گئی

کولمبو (اے پی پی)سری لنکن ٹیم انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز 336 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، دیمتھ کرونارتنے اور دھنن جایا ڈی سلوا کے سوا سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی عادل رشید کی گھومتی ہوئی اور بین سٹوکس کی برق رفتار گیندوں کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، میزبان ٹیم نے 67 رنزوں پر آخری 9 وکٹیں گنوائیں۔ عادل رشید نے 5 اور سٹوکس نے 3 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 3 رنز بنا کر مجموعی طور پر 99 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہفتے کو کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 312 رنز7 کھلاڑی آﺅٹ پر پہہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 336 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، معین علی 33، سٹورٹ براڈ صفر اور جیک لیچ 2 رنز بنا کر چلتے بنے، عادل رشید 21 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، سنداکن نے 5 دلروون پریرا نے 3 اور پشپاکمارا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو 31 کے سکور پر اسے گوناتھلیکا کا نقصان اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا کر لیچ کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر کرونارتنے اور دھنن جایا ڈی سلوا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 142 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم یہاں پر عادل رشید نے ڈی سلوا کو آﺅٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، ڈی سلوا نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، 187 کے سکور پر عادل نے کرونارتنے کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 83 رنز بنائے، اس کے بعد عادل اور بین سٹوکس نے میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا اور پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اینجلو میتھیوز 5، کوسل مینڈس 27، روشن سلوا 3، نیروشن ڈکویلا 5، دلروون پریرا صفر، سنداکن 2 اور پشپاکمارا 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اسطرح انگلش ٹیم کو 96 رنز کی برتری مل گئی، عادل نے 5، سٹوکس نے 3 اور لیچ نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں خراب روشنی کے باعث دوسرے روز جب کھیل ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 3 رنز بنا کر مجموعی طور پر 99 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، روری برنز 2 اور کیٹن جیننگز 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔