تازہ تر ین

کولمبو ٹیسٹ میںسری لنکن ٹیم سنبھل کر لڑکھڑا گئی

کولمبو (اے پی پی)سری لنکن ٹیم انگلینڈ کے خلاف آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، میزبان ٹیم انگلینڈ کی پہلی اننگز 336 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، دیمتھ کرونارتنے اور دھنن جایا ڈی سلوا کے سوا سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی عادل رشید کی گھومتی ہوئی اور بین سٹوکس کی برق رفتار گیندوں کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، میزبان ٹیم نے 67 رنزوں پر آخری 9 وکٹیں گنوائیں۔ عادل رشید نے 5 اور سٹوکس نے 3 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 3 رنز بنا کر مجموعی طور پر 99 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہفتے کو کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلش ٹیم نے 312 رنز7 کھلاڑی آﺅٹ پر پہہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 336 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، معین علی 33، سٹورٹ براڈ صفر اور جیک لیچ 2 رنز بنا کر چلتے بنے، عادل رشید 21 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، سنداکن نے 5 دلروون پریرا نے 3 اور پشپاکمارا نے 2 وکٹیں لیں۔ جواب میں سری لنکن ٹیم پہلی اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو 31 کے سکور پر اسے گوناتھلیکا کا نقصان اٹھانا پڑا جو 18 رنز بنا کر لیچ کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر کرونارتنے اور دھنن جایا ڈی سلوا نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 142 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم یہاں پر عادل رشید نے ڈی سلوا کو آﺅٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، ڈی سلوا نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، 187 کے سکور پر عادل نے کرونارتنے کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، انہوں نے 83 رنز بنائے، اس کے بعد عادل اور بین سٹوکس نے میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہرنے دیا اور پوری ٹیم 240 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اینجلو میتھیوز 5، کوسل مینڈس 27، روشن سلوا 3، نیروشن ڈکویلا 5، دلروون پریرا صفر، سنداکن 2 اور پشپاکمارا 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اسطرح انگلش ٹیم کو 96 رنز کی برتری مل گئی، عادل نے 5، سٹوکس نے 3 اور لیچ نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں خراب روشنی کے باعث دوسرے روز جب کھیل ختم کیا گیا تو انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 3 رنز بنا کر مجموعی طور پر 99 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، روری برنز 2 اور کیٹن جیننگز 1 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain