فیصلے امپائر کی انگلی نہیں ، عوام کے انگوٹھے کر رہے ہیں

لودھراں /دنیا پور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ لودھراں نے ثابت کر دیا ہے فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں  لاڈلہ کہتا ہے لودھراں الیکشن سے سبق سیکھیں اب تمہیں قوم سبق سکھائے گی کے پی کے کے حکمران پانچ سال بعد میٹرو بس بنا رہے ہیں  ان کی کارکردگی صفر ہے ووٹ کا تقدس بحال ہو کر رہے گا  کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے شہر میں ہم امن لائے ہیں  جہانگیر ترہین کہتا تھا ہم جیتے ہوئے ہیں صرف پچاس ہزار کی لیڈ چاہیے اللہ سے ڈرو رعونت اور تکبر نہیں ہونا چاہیے مجھ پر ایک سو روپے کی رشوت کا الزام نہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا کیا آپ کا وزیر اعظم اسی طرح رسوا اور ذلیل ہوتا رہے گا؟آگے الیکشن آرہے ہیں  ملک میں اچھی فضا دیکھ رہا ہوں  آپ نے بڑے فیصلے کرنے ہیں  آئندہ بے گھر افراد کو گھر دینگے ۔ وہ ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے کنونشن سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ آپ کو ذاتی طور پر مبارکباد پیش کرنے آیا ہوں  لودھراں میں اقبال شاہ کی کامیابی پر کتنی خوشی ہوئی آپ اس کا اندازہ نہیں کر سکتے  مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لودھرماں کے عوام کو کیسے مبارکباد دوں۔ انہوں نے کہا کہ اقبال شاہ جیسے نیک دل اور فرشتہ صفت انسان کو ووٹ دیکر آپ نے نوازشریف اور شہباز شریف کا مان بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں اور یہ آج لودھراں نے ثابت کر دیا ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ لودھراں کا فیصلہ پنجاب ¾ پاکستان میں نہیں پوری دنیا میں گونج رہا ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے 2018 کے الیکشن میں انشاءاللہ پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کس منہ سے شکریہ ادا کروں ¾ آپ کا منہ چومنے کو دل کر تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے شہبازشریف اور حمزہ سے بات کی اور کہا لودھراں چلنا ہے تاہم عبد الرحمن کانجو کا خیال تھا کہ کچھ دنوں بعد جائیں اور عوام کو با خبر کریں میں نے کہا فورا جانا چاہیے اور آج آپ نے سامنے ہوں۔ نوازشریف نے کہا کہ میں نے عبد الرحمان کانجو سے کہا تھا یہ ٹینٹ اور کناتیں لگانے کی ضرورت نہیں آپ کسی بڑے میدان میں کرتے تو پورا لودھراں موجود ہوتا۔ نوازشریف نے کہا کہ میں اس بات پر قائل ہوگیا ہوں آپ نے نبض پر ہاتھ رکھا اور کہا اس قسم کی سیاست نہیں چلے گی اور ووٹ کا تقدس بحال ہوکر رہے گا ¾ آپ نے ووٹ کے احترام کو بحال کیا آپ نے ان لوگوں کو رد کیا جنہوں نے پچھلے پانچ سال میں سوائے جھوٹ بولنے ¾ بہتا ن تراشی اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا ¾ آج کہتے ہیں لودھراں سے سبق سیکھیں گے ¾ لاڈلہ کہتا ہے ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے ¾ اب لودھراں کا خیال آگیا ہے اب تم سبق نہیں سیکھو گے قوم سبق سکھائےگی ¾ اب تمہیں خلق خدا سبق سکھائے گی۔ نوازشریف نے کہاکہ میں سچ بولتا ہوں جھوٹ بولنے کی عادت نہیں ہے ¾ 1985سے خدمت کرتا چلا آیا ہوں ¾ میرے بعد شہباز شریف نے پنجاب اور پاکستان کی خدمت کی ماضی اس کی مثال نہیں ملتی ¾ سڑکیں بنیں اور آج بھی بن رہی ہیں ¾ ہسپتال بن رہے ¾ ایجو کیشن انسٹی ٹیوٹ بن رہے ہیں ¾ کاشتکاروں کےلئے ہم نے بجلی سستی کی ¾ بجلی صرف آئی نہیں بلکہ سستی بھی ہوئی ہے ¾ اس کے بعد کھاد سستی ہوئی ہے ¾ 2200روپے والی کھاد کی بوری آج گیارہ سو میں مل رہی ہے ¾ بجلی کے ٹیوب ویل کا آدھا خرچہ کم ہوا ہے ¾ ان سے کبھی پوچھا جو بجلی کو ختم کر کے چلے گئے تھے ¾ کاشتکاروں کو تباہ کیا ¾ انڈسٹری کو تباہ کیا یہاں تک کہ گھروں میں بجلی نہیں آتی تھی ¾ ہم ملک کے اندر چار سالوں میں بجلی لیکر واپس آئے ہیں ¾ لوڈشیڈنگ کو ختم کیا ہے اس میں شہباز شریف کا خصوصی ہاتھ ہے انہوںنے بڑا کام محنت سے کیا ہے ¾ بڑے منصوبے لگائے ¾ بیس بیس ماہ میں بڑے منصوبے لگائے جو بیس بیس سالوں میں نہیں لگتے تھے اور بجلی تیزی کے ساتھ واپسی آئی ہے ¾دہشتگردوں کو ختم کیا ہے ¾ کراچی کو ٹھیک کیا ہے ¾ کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی ¾ ٹھیک انہیں کر ناچاہیے تھا ¾ہم نے ٹھیک کیا ¾ کراچی میں روز ہڑتالیں ہوتی تھیں ¾ مظاہرے ہوتے تھے ¾ روز چھینا جھپٹی ہوتی تھی ¾ چوری اورڈکیتی ہوتی تھی آج ہم نے کراچی کو پرامن شہر بنا دیا۔انہوںنے کہاکہ جہانگیر ترین کے پی کے کے حکمران کا ساتھی ہے ¾ کہتا تھا ہم جیتے ہوئے ہیں پہلے چالیس ہزار سے ہرایا تھا اب پچاس ہزار سے زیادہ لیڈ لینی ہے اب تم ستائیس ہزار ووٹوں سے ہار گئے ہو ¾ اللہ سے ڈرو ¾رعونت اور تکبر نہیں ہونا چاہیے ۔ نوازشریف نے کہاکہ جب ہم نے الیکشن جیتا اور اللہ کی بار گاہ میں سجدے میں گر گئے اور شکر ادا کیا ۔انہوںنے کہاکہ آگے الیکشن آرہا ہے اور ملک کے اندر اچھی فضا دیکھ رہا ہوں ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اقبال شاہ کہہ رہے تھے کہ نوازشریف صاحب ہماری گیس کا خیال رکھنا ¾ میں نے کہا آپ کی دعاﺅں سے مسلم یگ (ن)الیکشن جیتی ہے تو انشاءاللہ لودھراں میں سب سے پہلے گیس آئےگی ¾ لودھراں کے بقیہ حصے میں سب سے پہلے گیس آئے گی ۔اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ میں آج وزیر اعظم نہیں ہوں ¾ مجھے نکال دیا گیا ہے جس پر وزیر اعظم نوازشریف کے نعرے لگائے گئے نوازشریف نے کہاکہ کہتے ہیں نوازشریف نے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اور وزیر اعظم کو فارغ کردیا کیا آپ اس فیصلے کو مانتے ہو جس پر نامنظور کے نعرے لگائے گئے انہوںنے کہاکہ مجھ پر ایک سو روپے کی رشوت کا الزام نہیں ہے ¾ کوئی کیک بائیک یا کمیشن کا الزام نہیں ہے ¾ کچھ نہیں ملا تو کہا نوازشریف نے بیٹے سے تنخواہ نہیں لہذا اس کو فارغ کر دو ¾کبھی دنیا میں ایسا فیصلہ سنا ہے ۔نوازشریف کہا کہ آپ نے آنے والے انتخابات میں کچھ بڑے فیصلے کر نے ہیں آپ وعدہ کریں سترسالوں سے جو کچھ ملک کے اندر ہورہا ہے اسے ختم کروگے ¾ کیا وہی کچھ ہوتا رہے گا یا بدل جائیگا ؟کیا آپ کے ووٹ کی حرمت کو اسی طرح پاﺅں کے نیچے روندا جائیگا اپنے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کروگے ؟کیا آپ کا وزیر اعظم اسی طرح رسوا اور ذلیل ہوتا رہے گا ؟جسے آپ وزیر اعظم منتخب کرتے ہیں کیا اس کو اسی طرح سے نا ہل کیا جاتا رہے گا ؟ یہ فیصلہ آپ نے اور پوری قوم نے کرناہے ۔ نوازشریف نے کہاکہ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن)جیتے گی تو سب کو ان کے دروازے کی دہلیز پر انصاف ملے گا ہم نے ابھی ہیلتھ کارڈ شروع کئے ہیں ¾ شہباز شریف جگہ جگہ جا کر ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں تاکہ غریب لوگوں کو علاج کی سہولت مل سکے ¾ ایسا پروگرام بنا رہے ہیں کہ جتنے بھی لوگ ہیں جن کے پاس گھر نہیں ہے ¾ جیب میں پیسہ نہیں کہ وہ ایک کمرہ بھی تعمیر کر سکے ان تمام لوگوں کو گھر فراہم کیا جائیگا ۔ نوازشریف نے کہا کہ آپ جانتے ہیں نوازشریف اور شہباز شریف نے جب بھی کوئی وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا ہے اس طرح کے نہیں کہ جس طرح کے پی کے حکمرانوں نے کیا ¾ انہوںنے عوام پر کوئی توجہ نہیں دی ¾ کوئی کام نہیں کیا ہے ¾آج وہاں پر میٹرو بس بنا رہے ہیں ¾پانچ سالوں میں میٹرو بس نہیں بنی ¾کہتے تھے شہباز شریف جنگلا بس بنارہا ہے ¾آج پشاور میں وہی بس بنارہے ہیں ¾اس کی کار کر دگی صفر ہے وہاں کے عوام کےلئے کچھ نہیں کیا ۔ نوازشریف نے کہاکہ آج راولپنڈی ¾ لاہور اور ملتان کے اندر میٹرو بس موجود ہے ¾انشاءاللہ آئندہ وقت میں باقی ڈویژن اور ہیڈ کوارٹر زمیں میٹرو بس بنا کر دم لینگے ۔انہوںنے کہا کہ لودھراں سے سپیڈو بس چل رہی ہے اس کی تعداد میں اضافہ کرینگے ¾ لاہور سے ملتان موٹر وے مکمل ہوررہی ہے ¾اگلے ایک دو ماہ میں آپ انشا ءاللہ موٹروے سے لاہور جا سکیں گے ¾ سکھر جا سکیں گے وہ دن دور نہیں جب آپ یہاں سے کراچی موٹر وے کے ذریعے جائیں گے ¾ یہ سب منصوبے زیر تعمیر ہیں اور ہم سب کچھ بنا رہے ہیں ¾ تمام منصوبے مکمل ہو نے والے ہیں ¾ہم نے چار سال ایسے نہیں گنوائے ¾ کام کیا ہے ¾ بجلی لیکر آئے ہیں ¾ دہشتگردی کو ختم کیا ہے ¾ سی پیک لے کر آئے ہیں جس کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو رورز گار مل کرہا ہے ¾ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ستون ہوگا ¾اللہ نے موقع دیا تو کاشتکاروں کی خصوصی خدمت کرینگے ہم وہ لو گ ہیں جو کام کر کے دکھاتے ہیں ۔نوازشریف نے کہا کہ کسی منصوبے کا نام لو ¾ کسی موٹر وے کا نام ¾ سی پیک کا نام لو یہ سب مسلم لیگ (ن)نے بنائے ہیں کیا کسی اور حکومت نے کوئی منصوبہ بنایا ؟منصوبے بنانے کا ریکارڈ پاکستان مسلم لیگ نواز کا ہے اسے اور بھی آگے بڑھائیں گے مجھے یقین ہے کہ لودھراں میں کوئی ایسا شخص نہیں رہے گا جس کے پاس با عزت روز گار نہ ہو ¾ سب کے پاس با عزت روز گار ہوگا ¾ مکان ہوگا سب اللہ تعالیٰ کے وفضل کرم سے خوشحالی سے زندگی بسر کر سکیں گے ۔

 

افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں

میونخ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا موقف پوری دنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے ،انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ،جہاد کا حکم دینے کا اختیار ریاست کے پاس ہے ،پاکستان میں تاحال 27 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں اور وقت آ گیاہے کہ افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جائے ، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں جہاں سے پاکستان میں حملے ہورہے ہیں۔ میونخ میں خلافت کے بعد جہاد ازم کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے جنر ل قمر جاوید باجوہ کا کہناتھا کہ خود پرقابورکھنا بہترین جہاد ہے، تمام مکاتب کے علمانے مذہب کے نام پر کی جانے والی دہشت گردی کےخلاف فتوی دیا ہے،جہاد کا حکم دینے کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، انتہا پسندی کو جہاد نہیں کہنا چاہیے ،پاکستا ن نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ہے ، ہم نے 2018 میں آپریشن رد الفساد شروع کیا ، پوری قوم کی مشترکہ کوششوں سے دہشتگردی کا خاتمہ کیاہے ،ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان میں دہشتگردوں کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے ،ہم نے القاعدہ ،جماعت احرار اور طالبان کو شکست دی ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف ملٹری آپریشن نہیں کر رہے بلکہ دہشتگردوں کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار بے مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی پر تشویش ہے ، داعش کے دہشتگردوں کی افغانستان منتقلی کی اطلاعات ہیں ، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون ضروری ہے ،افغانستان میں امن و استحکام کیلئے تعاون کیلئے تیار ہیں ،پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام شروع کر رکھا ہے ،افغانستان کے ساتھ سرحد پر بائیومیٹر ک نظام نصب کیا گیاہے ۔انہوں نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین موجود ہیں اور اب وقت آ گیاہے کہ انہیں واپس بھیجا جائے ، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں جہاں سے پاکستان میں حملے ہورہے ہیں، پاکستان اور افغانستان کی سرزمین ایک دوسرے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے، افغانستان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر پاکستان کو تشویش ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان خودمختار ملک ہیں ،پاکستان ایشیا میں تیزیر سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم وہ کاٹ رہے ہیں جو 40 سال پہلے بویا گیا۔

 

مودی ، حسن روحانی ملاقات ، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) ایران نے چابہار بندرگاہ کے ایک حصے کا آپریشنل کنٹرول انڈیا کے سپرد کرنے کے لیے ایک معاہدہ پر دستخط کیے ہیں۔ایران کے صدر حسن روحانی نے سنیچر کو دلی میں انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی سے مذاکرات کے بعد کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں اور یہ کہ وہ علاقے سے دہشتگردی کا مسئلہ ختم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن دہشتگردی کو کسی مذہب سے منسوب نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایران اور انڈیا نے نو معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے جن میں سب سے اہم معاہدہ چابہار بندرگاہ کے بارے میں ہے جو انڈیا کی مدد سے تعمیر کیا جارہا ہے اور یہ پاکستان کی گوادر بندرگاہ سے صرف 90 کلومیٹر دور ہے۔اس معاہدے کے تحت انڈیا کو 18 مہینوں کے لیے بندرگاہ کے پہلے فیز کا آپریشنل کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔چابہار بندرگاہ میں انڈیا کی خاص دلچسپی ہے کیونکہ اس راستے سے وہ پاکستان کو بائی پاس کرتے ہوئے براہ راست افغانستان پہنچ سکتا ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دونوں ممالک کے درمیاں توانائی، تجارت، دفاع اور سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت کے درمیان باضابطہ سرکاری مذاکرات کے بعد باہمی تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط ہوئے اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا،دستاویزات کے تبادلے کی تقریب کے موقع پر دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت نے مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا- ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس موقع پر ایران اور ہندوستان کے دیرینہ تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے رشتے اور تعلقات سیاسی اور اقتصادی تعلقات سے کہیں بالاتر ہیں،اس سے پہلے ہفتے کی صبح ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند اور وزیر اعظم نریندرمودی نے راشٹر پتی بھون میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا پرتپاک سرکاری استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،اس موقع پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور اکتیس توپوں کی سلامی دی گئی-سرکاری سطح پر استقبالیہ تقریب کے بعد ہندوستان کے وزیراعظم کے دفتر کی عمارت حیدرآبا ہاس میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کی موجودگی میں باضابطہ مذاکرات انجام دیئے ۔مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے صدر حسن روھانی نے ایران اور ہندوستان کے تاریخی اور ثقافتی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی اقوام صدیوں سے ایک دوسرے کے قریب رہی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ یہ تعلقات پہلے سے بھی زیادہ فروغ پائیں،انہوں نے کہا کہ ایران مختلف میدانوں میں ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی ایندھن اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تیار ہے۔ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی ہندوستان اور ایران کے تاریخی اور تہذیبی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات بہت ہی پرانے ہیں اور باہمی تعاون سے یہ تعلقات پہلے سے بھی زیادہ مستحکم ہوں گے انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایران کے پیٹروکیمکل اور گیس کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لئے تیار ہے-ہندوستانی وزیراعظم نے چابہار بندرگاہ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی چاہتا ہے کہ چابہارزاہدن ریلوے لائن پروجیکٹ جلد سے جلد مکمل ہو تاکہ وسطی ایشیا اور یورپ تک ہندوستان کی رسائی آسان ہو جائے-چابہار بندرگاہ افغانستان، وسطی ایشیا اور مشرقی یورپ تک ہندوستان کی رسائی کے لئے ایک رابطہ پل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ایران کے صدر نے کہا کہ ہندوستانی وزیراعظم نے بہت سے علاقائی اور عالمی مسائل میں نئی دہلی اور تہران کے یکساں موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے صدر کے ساتھ مذاکرات میں خطے کی صورتحال خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کے طریقوں پر بات چیت ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے تعلق سے دونوں کا موقف ایک ہے- قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ہندوستان کی تحریک آزادی کے بانی مہاتما گاندھی کی سمادھی پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا-ہفتے کی صبح ہندوستان کی وزیرخارجہ شسما سوراج نے بھی صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی-اس ملاقات میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ہمہ جانبہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ایران کسی بھی حد کا قائل نہیں ہے اور تہران دونوں ملکوں کے تعلقات میں تیزی کے ساتھ فروغ کے لئے ہر طرح کی پہل کا خیر مقدم کرتا ہے-ایرن کے صدر نے کہا کہ ایران اور ہندوستان علاقے کے دو طاقتور اور موثر ممالک ہیں اور ان کے درمیان باہمی تعاون میں توسیع دونوں ملکوں کے عوام بلکہ پورے خطے کی اقوام کے لئے سود مند ہے-ہندوستان کی وزیرخارجہ سشما سوراج نے بھی کہا کہ ان کا ملک تمام میدانوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے-ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے اعلی حکام کے تہران اور نئی دہلی کے دورے ہندوستان اور ایران کے درمیان اعلی سطحی تعلقات کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سبھی میدانوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات روز بروز فروغ پائیں گے۔

 

شہبازشریف پر عزم لیڈر اور ریفارمر ہیں

لاہور (پ ر) سابق گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے اپنی کتاب کی تقریب رونمائی میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی کارکردگی کی شاندار الفاظ میں تعریف کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنی گڈگورننس کے ذریعے نظام کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں، وہ قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی اچھی کارکردگی کے باعث مسلم لیگ (ن) کو 2013 کے الیکشن میں کامیابی ملی۔ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، سالڈویسٹ مینجمنٹ، انفراسٹرکچر ، توانائی اور دیگر شعبوں میں شہبازشریف کے منصوبے مثالی حیثیت رکھتے ہیں اور اربوں ڈالر کے منصوبوں پر شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کرنا ان کا بڑا اعزاز ہے۔ شہبازشریف کے کرپشن کے خلاف اقدامات قابل ستائش ہیں۔ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ شہبازشریف ایک پرعزم لیڈر اور ریفارمر ہیں۔ لاکھوں اساتذہ کو پنجاب میں میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اداروں کی استعدادکار بڑھا کر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی کارکردگی دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے لئے رول ماڈل ہے اور شہبازشریف کے انقلابی اقدامات کے دوررس نتائج سامنے آئے ہیں۔

سلمان خان کیلئے بری خبر

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے دبنگ خان کی سماجی تنظیم بینگ ہیومن کو بلیک لسٹ کر دیا گیا۔ سلمان خان کے فلاحی ادارے کو ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ نہایت نرم دل کے بھی مالک ہیں، غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے غیر سرکاری سماجی تنظیم ”بینگ ہیومن“ قائم کی، جس کا شمار بھارت کی مقبول سماجی تنظیموں میں ہوتا ہے، تاہم اب ان کی فلاحی ادارے کو بلیک لسٹ کردیا گیا ساتھ ہی ممبئی کے بلدیاتی ادارے برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن نے تنظیم کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بینگ ہیومین فاو¿نڈیشن مقررہ وقت کے دوران ممبئی میں ڈائیلاسز یونٹس قائم کرنے میں ناکام رہی، 2016ء میں ممبئی میونسپل کارپوریشن نے 12 ڈائیلا سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں ایک ماہ کے دوران 199 ڈائیلائسز مشینوں کی تنصیب اور تقریباً 10 ہزار ڈائیلاسز کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس کیلئے بی ایم سی اور سلمان خان کی تنظیم کے درمیان ایک معاہدہ ہوا، معاہدے کے مطابق طے پایا تھا کہ میونسپل کارپوریشن سینٹرز قائم کرنے کیلئے جگہ فراہم کریگی جبکہ این جی او سینٹرز میں تعینات کئے جانے والے عملے کے ساتھ دیگر چیزوں کا خیال رکھے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بینگ ہیومن کو باندرا میں ڈائیلاسز سینٹرز قائم کرنے کیلئے باضابطہ اجازت دی گئی تھی، تنظیم کو آگاہ کیا گیا تھا کہ اگر پروجیکٹ مکمل نہ ہوا تو این جی او کو بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب بینگ ہیومن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تنظیم کا ڈائلاسز سینٹرز سے متعلق ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا

شاہ رخ خان کی نئی فلم کا مداحوں کوبے صبری سے انتظار

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی ووڈاداکارشاہ رخ خان فلم ”زیرو“ کی عکسبندی مکمل ہونے کے بعد فلم ”ڈان 3 “ کی عکسبندی شروع کریں گے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کےمطابق بالی ووڈ فلم”ڈان“سلسلے کی تیسری فلم کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے اور اسے مزیدبہترکیاجارہا ہے،جس کے ہدایتکار فرحان اختر اور پروڈیوسر رتیش سدھوانی ہوں گے جبکہ فلم کے لئے اداکار شاہ رخ خان کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔اداکار شاہ رخ خان ان دنوں ہدایتکار آنند ایل رائے کی ڈارف فلم ”زیرو “ کی عکسبندی میں مصروف ہیں جس کی عکسبندی مکمل ہونے کے بعد ہی فلم ”ڈان 3“ کی عکسبندی شروع کریں گے۔

مسجدحرم سے نوربخاری کی لائیو ویڈیو وائرل

مکہ (ویب ڈیسک)اداکاری کو خیرباد کہہ کرمذہب کا راستہ اختیارکرنے والی نور بخاری نے بیٹی اور بہن کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر نور نے مسجد حرم میں لائیو ویڈیو بنائی جس میں وہ اپنے دل کی کیفیت بتا رہی ہیں۔ ویڈیو میں نور کی بیٹی کی انٹری بھی ہے جو اپنے جذبات کا اظہار اس بےساختگی سے کررہی ہیں کہ آپ مسکرانے پر مجبور ہوجائیں گے۔

شائقین کو سینما گھر لانے والے فنکار نہیں مل رہے

لاہور(ویب ڈیسک) اداکارہ و ماڈل میگھا نے کہا ہے کہ ہمارے پاس ایسے فنکار نہیں کہ جن کی فلم دیکھنے کیلئے سینما گھروں کے باہر لوگ ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کریں۔ میگھا نے کہا کہ ماضی کے مقبول ترین فنکاروں میں سنتوش کمار، محمد علی، کمال، وحیدمراد، ندیم ، شاہد ، سلطان راہی، غلام محی الدین، جاوید شیخ اور شان جبکہ فلمی ہیروئنوں میں ا?شا پوسلے، سورن لتا، صبیحہ خانم، مسرت نذیر، شبنم، شمیم آرائ، انجمن، بابرہ شریف، نادرہ، نیلی اورصائمہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ عظیم فنکارہیں جنہوں نے پاکستانی فلم کو نا صرف عوام کا مقبول ترین شعبہ بنایا، بلکہ ان کی اداکاری سے متاثر ہوکرمختلف ادوارمیں بہت سے لوگ اس شعبے کی طرف آئے اورخوب کام کیا تاہم اگر ان فنکاروں کو پاکستان فلم انڈسٹری کے انمول رتن کہہ دیا جائے توغلط نہ ہوگا۔اداکارہ نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان فلم انڈسٹری ایک نئی راہ پرگامزن ضرور ہے لیکن تاحال ہمارے پاس ایسے ہیرو اورہیروئن نہیں آسکے، جن کی فلم دیکھنے کیلئے سینما گھروں کے باہر ہجوم ہو اورلوگ ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار کریں۔میگھا نے کہا کہ اس وقت ہمارے جدید ٹیکنالوجی، بہترین سینما اور فلم بنانے کی تکنیک بھی موجود ہے لیکن وہ فنکارگزشتہ پانچ سے دس برس کے دوران تاحال نہیں مل سکے جن کو فلم انڈسٹری کا انمول رتن یا سپر اسٹار کہا جاسکے۔ یہ وہ لمحہ فکریہ جس کے بارے میں کوئی بھی بات نہیں کرتا۔ بس بات ہوتی ہے تواسکرپٹ، ڈائیلاگ، لوکیشنز، ٹیکنالوجی اورمیوزک کے شعبے پر، اس اہم مسئلے کی جانب کوئی توجہ ہی نہیں دیتا۔اداکارہ نے کہا کہ اس کے برعکس اگر ہم پڑوسی ملک بھارت کی جانب نظرڈالیں تو بالی وڈ کنگ شاہ رخ، سلمان خان اور عامرخان اب فلموں کی کامیابی کی ضمانت بن چکے ہیں۔ ان کی فلاپ ہو جانے والی فلم بھی ان کی مقبولیت کی بدولت اچھا خاصا کاروبار کر جاتی ہے تاہم ایسے فنکارجب تک پاکستان فلم انڈسٹری میں نہیں آ جاتے، اس وقت تک کامیابی اور ترقی کی بات کرنا ہی بے معنی ہے۔

کپل شرما سخت مشکل میں پھنس گئے

ممبئی(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار کپل شرما کے خلاف بھارتی طالب علموں کےایک گروپ نے مقدمہ درج کرا دیا ۔ میڈیا کے مطابق کپل شرماان دنوں نیا شوملنے پر بے انتہا خوش ہیں اور اسی خوشی میں انہوں نے حال ہی میں انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ امرتسر کی سڑکوں پر نہایت خوشگوار موڈ میں موٹر سائیکل دوڑاتے ہوئے نظرآرہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ انہیں اپنا آبائی علاقہ بہت یاد آرہا تھا جہاں ان کا بچپن گزرا ہے اور ااج وہ یہاں آکر بے حد خوش ہیں۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کپل شرما انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کرنے کے باعث سخت مشکل میں آگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما کے خلاف امرتسر سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کی ایک جماعت نے مقدمہ درج کرا دیا۔

پدماوت کی رانی اب مافیا کوئین بنیں گی

ممبئی(ویب ڈیسک)حال ہی میں باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی فلم ’پدماوت‘ میں رانی کا کردار ادا کرنے کے بعد بھارتی فلم اسٹار دپیکا پڈوکون ایک بار پھر رانی بنیں گی۔میڈیا کے مطابق پدماوت کی بھرپور کامیابی کے بعد دپیکا اب نئی فلم کے حوالے سے جلد کام شروع کریں گی، یہ فلم ’گینگسٹرز‘ پرمبنی ہوگی جس میں دپیکا ’مافیا کوئین‘ کا روپ دھاریں گی۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پدماوت کی ’رانی‘ مافیا کوئین کا کردار نبھانے کے لیے تیاریاں کررہی ہیں جس میں وہ مافیا کوئین کے مخصوص انداز میں خود کو ڈھالنے کے لیے منصوبہ بندی کررہی ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ مارچ میں ممبئی میں ہوگی۔پدماوت کے بعد دپیکا کے مداح انہیں اگلی فلم میں یکسر مختلف روپ میں دیکھیں گے جس میں وہ نئی ’ لیڈی ڈان‘ کی طرح پیش آئیں گی۔