فیصل آباد (آئی این پی)انٹرنیشنل کبڈی چیمپئن شپ آج سے فیصل آباد میں شروع ہوگی، پاکستان ، بھارت ، ایران کی ٹیموں کے مابین کبڈی میچز 6اور 7جنوری کو کھیلے جائیں گے ،ایرانی کبڈی ٹیم فیصل آباد پہنچ گئی،بھارتی ٹیم آئندہ 2روز مین پاکستان آئے گی،چیمپئن شپ کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پانچ روزہ انٹر نیشنل کبڈی چیمپئن شپ3سے7جنوری تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلی جائے گی، چیمپئن شپ میں پاکستان،ایران اور بھارت کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ایونٹ میں شرکت کرنے والی ایرانی کبڈی ٹیم فیصل آباد پہنچ گئی ہے، ایرانی کبڈی ٹیم کے فیصل آباد پہنچنے پر کمشنر آصف اقبال نے مقامی ہوٹل میں ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی کبڈی ٹیم کے کپتان حامد زیر نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، شاندار استقبال پر پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں، ایرانی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتی ہے، ہم کبڈی چیمپئن شپ جیتنے کیلئے پرامید ہیں، پاکستان کے کھلاڑی کبڈی بڑی ذہانت سے کھیلتے ہیں۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرو ر نےکہا کہ انڈیا اور ایران کو پاکستان آنے کی خصوصی دعوت دی گئی تھی جس پر دونوں ٹیموں نے شرکت کی یقین دہانی کروائی تھی۔انہوں نے بتایا کہ ایران کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جبکہ انڈیا کی ٹیم کے ویز وں کے حوالے سے معاملات مکمل ہوچکے ہیں اور یہ ٹیم آئندہ دو روز میں پاکستان پہنچ جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیموں کو فول پروف سکیورٹی اور عالمی معیار کے مطابق قیام و طعام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ نیشنل چیمپئین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو ایران اور انڈیا کے ساتھ وارم اپ میچ کھیلنے کاموقع دیا جائے گا۔ 6اور 7جنوری کو نیشنل چیمپئین شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم قومی پلیٹ فار م پر مہمان ٹیموں سے میچز کھیلے گی ۔انہوں نے بتایا کہ میچز سرکل کبڈی سٹائل میں منعقد ہونگے ۔انہوں ایران اور انڈیا کی ٹیم کی آمد کو پاکستان میں عالمی کھیلوں کی بحالی کی کاوش قرار دیا ۔انہوں نے بتایاکہ مستقل میں بھی انٹرنیشنل ٹیموں کو پاکستان میں آکر کھیلنے کیلئے مدعو کیا جاتا رہے گا ۔