لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان گرین نے بھارت اور پاکستان وائٹ نے ایران کی کبڈی ٹیموں کو شکست دے دی۔ تفصیلات کےمطابق اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچز میں پاکستان وائٹ نے ایران اور پاکستان گرین نے بھارت کی کبڈی ٹیموں کو شکست دی ۔پاکستان گرین نے بھارت کو 47-29 اور پاکستان وائٹ نے ایران کو 38-24 پوائٹس سے شکست دی ۔ پاکستان گرین اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ریڈ اورڈیفنڈ محاذوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستانی ٹیم نے ابتدا ہی سے کامیاب ریڈ اور ڈیفنڈ کرتے ہوئے برتری حاصل کی جو ہاف ٹائم تک برقرار رہی، ہاف ٹائم پر پاکستان گرین کو بھارت پر 29-13 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی پاکستان گرین کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے بھارت کو مجموعی طور پر 47-29 پوائنٹس سے شکست دی ۔ قبل ازیں پہلا میچ پاکستان وائٹ اور ایران کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیاجس میں پاکستان وائٹ نے آغاز سے ہی برتری حاصل کرلی، ہاف ٹائم تک پاکستان وائٹ کو ایران کے خلاف 22-16 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی پاکستان وائٹ کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور مجموعی طور پر 38-24 پوائنٹس سکور کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر شائقین کی ایک بڑی تعداد نے میچ دیکھا ۔شائقین نے پاکستان کے ایران اور بھارت کے مقابلوں میں جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ۔شائقین کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے اور اچھا کھیل کا مظاہر ہ کرنے پر ریڈرز اور ڈیفینڈ رز کو داد دیتے رہے ۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور چوہدری محمد اکرم مہمان خصوصی تھے ۔اس موقع پر کمشنر فیصل آباد آصف اقبال چوہدری ، ڈپٹی کمشنر سردار سیف اﷲ ڈوگر ، ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر اور سی پی او فیصل آباد اشفاق احمد خان ، پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل رانا محمد سرور سمیت پنجاب سپورٹس بورڈ اورانتظامیہ کے حکام بھی موجود تھے ۔میچز کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی جس میں بھارت اور ایران کی ٹیموں کو ٹرافیاں ، میڈل اور دو ، دو لاکھ ر وپے کے نقد انعامات دئیے گئے ۔ اس موقع پرچوہدری اکرم نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ حکومت کی ترجیحی پالیسیوں میں شامل ہے ۔وزیر اعظم اور وزیر اعلی خصوصی طور پر کھیلوں کے شعبہ پر توجہ دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میںعالمی سطح کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے اور حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے تعاون کیلئے تیار ہے ۔میچ کے اختتام پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے نامور فوک گلوکار عارف لوہار نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور لوگوں سے داد وصول کی ۔اس موقع پر مقامی فوک گلوکاروں نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے2ایس پیز،6ڈی ایس پیز،2انسپکٹر ،14سب انسپکٹر،83اے ایس آئیزاور600سے زائد جوان،ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس کی16 ٹیموں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دئیے ۔
