لاہور(سپورٹس رپورٹر)تین ملکی کبڈی ٹورنامنٹ فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فیصلہ کن معرکے میں پاکستان گرین نے بھارتی کبڈی ٹیم کو29پوائنٹس کے مقابلے میں40 پوائنٹس سے شکست دی۔اتوار کو پنجاب سٹیڈیم لاہور میں فائنل میچ کےلئے پاکستان اور بھارت کی کبڈی ٹیمیں میدان میں آمنے سامنے آئیں، اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان پاک بھارت کبڈی ٹاکرا دیکھنے کے لئے پنجاب سٹیڈیم آئے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کرایا گیا، فیصلہ کن معرکے میں پاکستان گرین نے بھارتی کبڈی ٹیم کو شکست دیدی۔ پاکستان گرین نے بھارتی کبڈی ٹیم کو29پوائنٹس کے مقابلے میں40 پوائنٹس سے شکست دی۔قبل ازیں پاکستان وائٹ نے ایران کو شکست دے کر انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ میچ شروع ہونے سے پہلے تمام ٹیموں کا پنجاب سٹیڈیم پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا ، ٹیموں کو روایتی بگیوں میں بٹھا کر سٹیڈیم کا چکر لگوایا گیا۔ گزشتہ روز بھارتی پنجاب کی کبڈی ٹیم نے پنجاب کا دورہ کیاتھا اس موقع پر بھارتی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور انہیں یہاں آکر بہت اچھا لگا، پاکستانیوں نے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور محبت دی۔اس موقع پرشائقین کی کثیر تعداد موجود ہے جو پاکستانی کھلاڑیوں کو داد دیئے رہے ہیں، اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے بھی بہترین سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
