لاہور (ویب ڈیسک ) اگر آپ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں تو آپ نے فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر ایک نئے ٹرینڈ کو ضرور محسوس کیا ہوگا جس میں لوگ اپنی حالیہ اور 10 سال پہلے کی 2 تصاویر شیئر کررہے ہیں۔درحقیقت دنیا بھر میں لاکھوں افراد بشمول معروف فنکار و شخصیات اس 10 ائیر چیلنج کا حصہ بن چکی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بحث چل رہی ہے کہ کہیں یہ سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی جانب سے لوگوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کا نیا طریقہ تو نہیں۔ٹیکنالوجی ماہرین نے اس حوالے سے کافی خدشات ظاہر کیے ہیں۔نیوزی لینڈ ہیرالڈ سے بات کرتے ہوئے ایک ٹیکنالوجی ماہر پال بریسلین نے کہا کہ یہ ‘تفریحی گیم’ صارفین کو شناخت چرانے کے خواہشمند افراد کا آسان شکار بناسکتی ہے۔انہوں نے کہا ‘ 10 میں سے 9 بار ایسے ٹرینڈز فراڈ ہوتے ہیں، اس کو آگے بڑھانے اور اس طرح کی گیمز یا معموں کا مقصد کمپنی کو آپ کی معلومات اور ڈیٹا تک رسائی دینا ہوتا ہے تاکہ وہ آپ کو زیادہ بہتر طور پر سمجھ سکے اور کیسے اشتہارات دکھانے چاہئے، وہ سمجھ سکے’۔