لاہور(سپورٹس رپورٹر) شہباز سینئر نے ایک بار پھر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری کا چارج سنبھال لیا۔میڈیاسے گفتگو کے دوران سیکرٹری ہاکی فیڈریشن نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے ایک ملاقات ہاکی کے تمام مسائل حل کرسکتی ہے،عمران خان خود بھی ہاکی کھیلتے رہے ہیں، مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں گے، کئی بار کہہ چکے حکومتی فنڈز کا آڈٹ جس مرضی سے کروالیں، کوشش ہوگی کہ ایف آئی ایچ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان پر پابندی یا جرمانہ عائد نہ ہو، ہر فیڈریشن کا حصہ رہنے والے سابق اولمپئنز صرف فنڈز پر انگلیاں اٹھارہے ہیں، شہباز سینئر کا کہنا ہے کہ قومی کھیل کی بہتری کے لیے ٹریننگ کی سہولیات کا فقدان ہے جس کے لیے حکومتی تعاون بہت ضروری ہے،جدید خطوط پر ٹریننگ سے ہی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے،دنیا ہاکی پر بہت زیادہ خرچ کر رہی ہے اور نتائج کے حصول کے لیے ہمیں بھی انتظار کرنا ہو گا،شہباز احمد کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کو جاب سینٹر نہ بنایا جائے،تنقید برائے تنقید صرف اور صرف پاکستان اور ہاکی کا نقصان کرے گی،ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کر رہے ہیں اس سلسلے میں ایف آئی ایچ کی میٹنگز میں بھی آواز اٹھائی ہے،امید ہے کہ حکومتی تعاون سے قومی کھیل میں بہتری آئے گی۔