لندن (نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے تین روزہ سرکاری دورے پر پہنچ گئے، ان کے ہمراہ اہلیہ میلانیا ٹرمپ بھی موجود ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکہ برطانیہ کی دعوت تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ گئے، امریکی صدر کا برطانیہ کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ٹرمپ کے برطانیہ پہنچنے پر شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ نے مہمانوں کا استقبال کیا بعدازاں صدر ٹرمپ اور ملکہ برطانیہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔امریکی صدر کے دورے میں بریگزٹ ڈیل کے علاوہ خطے میں تبدیل ہوتی سیاسی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، شام سے اتحادی افواج کی واپسی، خلیج فارس میں ایرانی مداخلت اور دیگر امور زیر بحث لائے جائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ روانگی سے قبل ایک انٹرویو میں برطانیہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یورپی یونین سے علیحدگی کے امور طے نہیں ہوتے ہیں تو برطانیہ نہ صرف بنا ڈیل کے علیحدہ ہوجائے بلکہ وہ 50 ارب ڈالرز کی رقم دینے سے بھی معذرت کرلے۔واضح رہے کہ برطانیہ کو یورپی یونین سے علیحدگی کی صورت میں 50 ارب ڈالرز کی خطیر رقم ادا کرنا ہوگی۔یاد رہے کہ امریکی صدر نے دورہ برطانیہ سے محض دو روز قبل اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں میگھن مرکل پر تنقید کی تھی اور لندن آتے ہوئے دوران سفر میئر لندن صادق خان کو نااہل کہا تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لندن کے مئیر صادق خان کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ امریکی صدر نے اپنی لندن آمد کے فورا بعد صادق خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔اس سے قبل صادق خان برطانیہ کی وفاقی حکومت پر ٹرمپ کو دورے کی دعوت دینے پر سیخ پا تھے۔امریکی صدر نے لندن آمد کے بعد مئیر لندن کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں “ہزیمت خوردہ پتھر دل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ صادق خان کو لندن میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح پر توجہ دینا چاہتی ہے۔ وہ بطور مئیر لندن اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام رہے ہیں اور برطانیہ کے سب سے قریبی اتحادی امریکا کے صدر کے سابق نامناسب رویہ اپنا رہے ہیں۔”ڈونلڈ ٹرمپ کا لندن کے میئر صادق خان کو ‘مکمل ہارا ہوا’ کہنے کہ چند گھنٹوں بعد صادق خان نے ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کردیا۔اپنے ویڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، آپ کی اقدار اور جن چیزوں کے لیے آپ کھڑے ہیں، لندن کی اقدار اور اس ملک کی اقدار سے مختلف ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے خیال میں تنوع کوئی کمزوری نہیں، بلکہ یہی قوت ہے، ہم خواتین کی عزت کرتے ہیں اور انہیں مردوں کے برابر سمجھتے ہیں اور ہمارے لیے تمام لوگوں کے حقوق کا تحفظ اہم ہے بالخصوص جن کو خطرات کا سامنا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم امریکا میں خواتین کے حقوق کو مجروح ہوتے دیکھ رہے ہیں، ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ امریکا کی چند ریاستیں خواتین کے اسقاط حمل کے مرحلے کو انتہائی مشکل بنا رہی ہیں، تاریخ کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ خواتین کو ان کے جسم کا اختیار نہ دینے کے کیا نتائج سامنے آتے ہیں، ہم اب چوری چھپے اسقاط حمل کرنے کی جانب نہیں جاسکتے ہیں اور ہم یہ نہیں دیکھ سکتے جو گزشتہ دہائیوں میں آپ نے خواتین سے ان کے جسم کا اختیار چھینا ہے’۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں ان کی آمد کے خلاف کئی مظاہرے بھی سامنے آئے۔ملکہ برطانیہ الیزبتھ دوئم نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیہ ٹرمپ کا بکنگھم پیلس میں استقبال کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے آمد کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے صادق خان پر شدید تنقید کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ‘صادق خان نے ہر طرح سے کام خراب کیا ہے اور برطانیہ کے دیرینہ اتحادی امریکا کے صدر کے استقبال کے لیے بے وقوفانہ انداز میں گھٹیا کام کیا ہے، وہ مکمل طور پر ہارا ہوا انسان ہے جسے میری جگہ لندن میں جرائم پر توجہ دینی چاہیے’۔
