فلوریڈا(ویب ڈیسک)امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک شخص کو بھاری بھرکم رقم کے عوض گھر کی بجائے گھاس کی بیلٹ فروخت کرکے ماموں بنادیا گیا۔مغربی فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے یہ سمجھا کہ اس کی لاٹری نکل آئی ہے کیونکہ ایک آن لائن نیلامی میں ایک ولا یعنی بڑے گھر کے لیے لگائے جانے والی بولی میں اس نے 9100 ڈالر کی بولی لگائی اور جیت اس کے حصے میں آئی۔کرولے ہولنیس نامی شہری نے پہلی دفعہ آن لائن نیلامی میں حصہ لیا تھا، اس نے آن لائن دیکھا کہ مغربی فلوریڈا میں 9100 ڈالر کی بولی میں اس کا نام آیا ہے لیکن اس کے بدلے میں جو اسے ملا وہ چونکا دینے والا تھا۔یہ کوئی بڑا گھر نہیں تھا بلکہ گھاس کی ایک 30 سینٹی میٹر چوڑی اور 3 میٹر لمبی پٹی تھی جس کی اصل قیمت 50 ڈالر بھی نہیں ہو سکتی تھی۔گھاس کی یہ پٹی دو بڑے گھروں کے درمیان انہیں علیحدہ کرنے کے کام آرہی تھی۔کاﺅنٹی ٹیکس سائٹ پر درج ہے کہ اس پٹی پر کچھ بھی تعمیر نہیں کیا جا سکتا، اس حوالے انٹر نیٹ پر موجود تصاویر بھی جعلی ثابت ہوئیں۔اب کرولے ہولنیس اس پٹی کو لے کر پھنس گئے ہیں کیوںکہ وہ اس کا کچھ نہیں کر سکتے اور نہ ہی اسے بیچ سکتے ہیں اور مزید بد قسمتی کے یہ قیمت واپس بھی نہیں مل سکتی۔