تہران، واشنگٹن (نیٹ نیوز) ایران نے اپنی فضائی حدود میں امریکی ڈرون مار گرانے کا دعوی کیا ہے جس کی امریکا نے بھی تصدیق کی ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے امریکی ڈرون صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں گرایا گیا ب کہ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی فضائی حدود میں گرایا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق گرائے گئے امریکی ڈرون کا ماڈل آر کیو 4 گلوبل ہاک ہے۔امریکی حکام نے بھی ڈرون گرانے کی تصدیق کی ہے لیکن دعوی کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی فضائی حدود میں ایرانی میزائل سے امریکی فوجی ڈرون گرایا گیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے امریکی ڈرون مار گرانے کے رد عمل میں کہا ہے کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی۔خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ایران نے بہت بڑی غلطی کی۔وائٹ ہاس میں ڈرون گرائے جانے کے واقعے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے لیے یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ حملہ دانستہ طور پر کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کسی سے غلطی ہوئی جسے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بارہا کہا گیا ہے کہ امریکا مشرق وسطی میں جنگ نہیں چاہتا، امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ(سینٹ کام)نے تصدیق کی ایرانی فورسز نے نگرانی پر مامور امریکی نیوی کے ڈرون آر کیو-4 گلوبل ہاک مار گرایا تاہم ان کا کا اصرار ہے ڈرون کو بین الاقوامی فضائی حدود میں بلاوجہ نشانہ بنایا گیا۔سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نیوی کیپٹن بل اربن نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی فضائی حدود میں موجود ڈرون کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ شب 11 بج کر 35 منٹ پر پیش آیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے تعلقات عامہ کے شعبے نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ پاسداران کے زیرانتظام فضائی دفاعی فورسز جمعرات کی صبح ہرمز جان صوبے میں ایک امریکی جاسوس ڈرون طیارہ مار گرانے میں کامیاب رہی ہیں۔ بعدازاں ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی نے کہا کہ ڈرون طیارہ مار گرانا امریکا کیلئے ایک واضح پیغام ہے انہوں نے کہا کہ تہران سرخ لکیر سے تجاوز کرنے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا۔ پاسداران کے کمانڈر نے واضح کیا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے مگر اپنے دفاع کیلئے تیار ہیں۔
