اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاک بھارت تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلی سطح کاسفارتی رابطہ ہوا جس سے دونوں ممالک کے وزراءاعظم کی جلد ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت پر تیار ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلی سطح اسفارتی رابطہ ہوا، جس سے پاک بھارت وزرائے اعظم کی جلد ملاقات کا امکان پیدا ہوگیا، دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ملاقات کے لئے رابطے جاری ہیں۔ بھارتی وزیراعظم کرتار پورکوریڈور کی تقریب میں شرکت پرتیار ہوگئے ہیں ، بابا گرو نانک کی سالگرہ پر مودی کرتار پورہ کوریڈور کا دورہ کریں گے، کرتار پور کوریڈور تقریب میں پاک بھارت وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان خصوصی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ یاد رہے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط بھیجا تھا ، جس کی حکومتی سطح نے تصدیق کی گئی تھی ، ذرائع وزیر اعظم آفس کا کہنا تھا کہ خط پر نریندر مودی کے دستخط ہیں، دستخط شدہ خط میں حوصلہ افزا باتیں کی گئی ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے بھیجے گئے خط کے مزید مندرجات بھی سامنے آئے تھے ، خط میں نریندر مودی نے کرتارپور راہ داری پر کام جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو جوابی خط لکھا تھا، خط میں کہا گیا تھا کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے، بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی جانب سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا تھا پورے خطے میں امن اور ترقی کے لئے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لئے تیار ہے، مذاکرات میں دہشت گردی کے مدعے پر خصوصی توجہ ہو۔ خیال رہے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک میں پاک بھارت وزرائے اعظم نے ملاقات کی، مصافحہ کیا اور ہلکی پھلکی گپ شپ کی، جس کی تصدیق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کی تھی۔
