اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) سعودی عرب نے پاکستان کو پیر سے موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی شروع کرنے کا اعلان کردیا۔سعودی سفارتخانہ پاکستان کے مطابق موخر ادائیگی پر سعودی عرب سے پاکستان کو تیل کی فراہمی شروع ہو جائے گی، سعودی عرب پاکستان کو ماہانہ 275 لین ڈالر کا تیل فراہم کرے گاجبکہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی تین سال جاری رہے گی، پاکستان کو فراہم کردہ تیل کی مجموعی لاگت 9.9ارب ڈالر ہو گی، سعودی سفارتخانے کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان کےلئے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا جبکہ پاکستان کو دیا جانے والا پیکج تین ارب ڈالر کا تھا۔ حکام نے مزید بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان بیس ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے جبکہ سعودی عرب کے پیکج سے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن میں مدد ملے گی اور پاکستانی معیشت کو سپورٹ کرنے کےلئے ہے، سعودی پیکج پاکستان کو معاشی چیلنج پر قابو پانے اور جامع ترقی کےلئے ہے اور اس پیکج سے پاکستان اور سعودی عرب کے گہرے تعلقات کی عکاس ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نےگزشتہ برس اقتدار سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں سعودی عرب کی جانب پاکستان کے لیے پیکیج کا اعلان کیا گیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
