بیجنگ(ویب ڈیسک)ویسے تو کسی ائیرپورٹ کے اندر داخل ہونا آسان نہیں ہوتا مگر رن وے تک کسی کی نظر میں آئے بغیر پہنچنا تو اس سے بھی زیادہ مشکل ہوتا ہے، مگر چین میں ایک بچے نے ایسا کردکھایا بلکہ 2 طیاروں کو اڑانے کی کوشش بھی کرڈالی۔جی ہاں واقعی چین میں یہ حیران کن واقعہ پیش آیا ہے اور بی بی سی نے جیانگ شو ٹی وی کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ چین کے مشرقی صوبے ڑنجیانگ کے شہر ہوڑہو میں پیش آیا جہاں 13سالہ بچہ آدھی رات کو خفیہ طور پر ایئرپورٹ پر داخل ہوگیا۔ایئرپورٹ پر لگے نگرانی کے کیمروں میں ریکارڈ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ لڑکا ساڑھے پانچ کروڑ روپے مالیت کے جہاز میں سوار ہوا اور اڑانے کی ناکام کوشش میں جنگلے سے ٹکرا دیا۔ایک جہاز جنگلے سے ٹکرانے کے بعد بچہ فوراً دوسرے جہاز میں سوار ہوا جسے وہ کچھ دیر گول دائرے میں گھماتا رہا اور پھر ایئرپورٹ چھوڑ کر نکل گیا۔مقامی پولیس کے مطابق لڑکے کو واقعے میں کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم اس کی حرکت سے 8ہزار یوآن کا نقصان ہوا۔فوٹیج سامنے آنے کے بعد ایئرپورٹ حکام اور بچے کے اہل خانہ کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت فیملی 2ہزار یوآن جرمانہ ادا کرے گی۔جرمانے کی رقم اس لئے کم رکھی گئی کیوں کہ لڑکے کے غریب اہل خانہ اتنا بھاری جرمانہ ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔اس بارے میں گلوبل ٹائمز اخبار نے لکھا ہے کہ جب پولیس بچے کو جرمانے کرنے پہنچی تو وہ اپنا ہوم ورک کررہا تھا۔ایئرپورٹ اسٹاف اس بات پر حیران تھا کہ اس عمر میں بغیر تجربے کے لڑکے نے طیارے کو کیسے کنٹرول کیا۔دوسری جانب ایئرپورٹ ڈائریکٹر نے حیران کن قدم اٹھاتے ہوئے بچے کو پائلٹ ٹریننگ دینے کی پیشکش کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف دیکھ کر طیارہ کنٹرول کرنا ناممکن ہے ، یقینناً یہ بچہ بہت ذہین ہے۔،واقعے کے بعد چینی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں کچھ لوگ نامناسب ایئرپورٹ سیکیورٹی اور والدین پر سخت تنقید کررہے ہیں تو دوسری طرف لوگ جرمانے کی رقم کم کرنے اور پائلٹ کی تربیت کی پیشکش پر ایئرپورٹ حکام کو سراہ رہے ہیں۔چین کی مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر ایک صارف نے لکھا کہ “یہ بچہ واقعی بے حد ذہین اور خوش قسمت ہے، میں امید کرتا ہوں کہ وہ سیدھے راستے پر چلے گا۔