لاہور (ویب ڈیسک)عام طور پر پاکستانی افراد گرمیوں کے موسم میں سونے سے پہلے نہانے کو ترجیح دیتے ہیں، کیوں کہ ایسا کرنے والے افراد کے مطابق اس عمل سے گرمی میں کچھ کمی ہوتی ہے۔اور اب ایک تحقیق میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونے سے قبل نہانے سے جسم کی گرمی کم ہوتی ہے، جس سے پر سکون نیند کی جا سکتی ہے۔امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطانق سونے سے 90 منٹ یعنی ڈیڑھ گھنٹہ نیم گرم پانی سے نہانا نیند کےلیے بہتر ہے۔سائنس جرنل ’سلیپ میڈیسن ریویو‘ میں شائع تحقیق کے مطابق جن افراد کو رات کو سونے میں مشکلات پیش آتی ہیں، انہیں بستر پر جانے سے 90 منٹ قبل نہانا چاہیے۔امریکی ’یونیورسٹی آف ٹیکسس‘ کے ماہرین نے 5 ہزار 322 کیسز کا جائزہ لیا، جن میں سونے سے پہلے نہانے اور نہ نہانے والے کیسز شامل تھے۔ماہرین نے کئی ماہ تک کیسز کا جائزہ لے کر ان کے نتائج اخذ کیے، جن سے ثابت ہوا کہ گرمیوں یا سردیوں میں سونے سے 90 منٹ قبل نیم گرم پانی سے نہانے والے افراد کو پر سکون نیند آتی ہے۔ماہرین کے مطابق نتائج سے پتہ چلا کہ اگرچہ عام پانی سے نہانے والے افراد کو بھی اچھے طریقے سے نیند آئی، تاہم نیم گرم پانی سے نہانے والے افراد کے جسم کی حرارت کنٹرول میں رہی اور انہیں پرسکون نیند آئی۔ماہرین نے تجویز دی کہ ہر بالغ مرد و خاتون کو سونے کے لیے بستر پر جانے سے 90 منٹ یا کم سے کم ایک گھنٹہ قبل ٹھیک طرح سے نیم گرم پانی سے نہانا چاہیے۔ماہرین نے کہا کہ اچھے نتائج کے لیے لوگوں کو باتھ ٹب میں نہانا چاہیے، تاہم شاور سے نہانے سے بھی بہتر نتائج ملتے ہیں۔ماہرین نے رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اگر ٹھنڈے پانی سے نہایا جائے تو اس کے انسانی جسم یا نیند پر کیا اثرات پڑتے ہیں، تاہم مجموعی طور پر ماہرین نے انسانوں کو تجویز دی کہ سونے سے قبل نہایا جائے۔