اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ دھرنے کے بیشتر شرکا نہیں جانتے کہ وہ اسلام آباد کیوں آئے ہیں، پر امید ہیں دھرنا احسن طریقے سے ختم ہو جائے گا۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) کے دھرنے کیوجہ سے کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا گیا۔ پچاس ہزارسے زائد لوگ دھرنے میں شامل تھے۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آرمی کے بغیر الیکشن نہیں ہو سکتے، وزیراعظم کااستعفی، فوج کے بغیرالیکشن دونوں مطالبے نامناسب ہیں۔اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں فوج کا کردار بہت واضح ہے، جب تک فوج ہے ملک غیر مستحکم نہیں ہو سکتا۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہرملک میں آرمی چیف کا کرداراہم ہوتا ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی بارحکومت اورفوج ایک پیج پرہیں۔سابق وزیراعظم کی بیرون ملک روانگی کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا علاج بیرون ملک کرانے کے لیے راستہ نکل سکتا ہے۔ ان کے نام حکومت نے نہیں نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہوئے ہیں۔ نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن صفدرکا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔
