تازہ تر ین

نیب نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ذمہ داری حکومت پر ڈال دی

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ نیب اور وزارت داخلہ کے درمیان فٹبال بن گیا ،حکومت معاملہ نیب اور نیب حکومت پر ڈالنے کے لیے کوشاں ہیں ،ذرائع کے مطابق نیب حکام نےممکنہ طور پر نواز شریف کے ملک سے باہر جانے کے بعد واپس نہ آنے کے خدشے اور مستقبل کی قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو حکومت کی صوابدید قرار دیدیا ہے ،نیب حکام نے جان چھڑاتے ہوئے معاملہ دوبارہ وزارت داخلہ کو بھجوادیا اور کہا ہے کہ حکومت ہی سابق وزیر اعظم کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کا فیصلہ کرسکتی ہے ،میڈیکل بورڈ کی رپورٹ واپس حکومت کو بھجوا رہے ہیں وہی فیصلہ کرے ،جس کے بعد نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا معاملہ حکومت کیے درد سر بن چکا ہے ،حکومتی اکابرین مستقبل میں قانونی مسائل سے بچنے کے لیے اور نواز شریف سمیت کرپشن کے مقدمات میں ملوث افراد کو کسی صورت این آر او نہ دینے کے دعووں کے باعث بری طرح پھنس چکی ہے ،وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نواز شریف کو خالصتاًمیڈیکل بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کا بھی کہہ چکے ہیں تاہم حکومت کے اندر موجود بعض سنئیر قائدین وزیراعظم کو سابق صدر پرویز مشرف کے بیرون ملک جا کر واپس نہ آنے سے سامنے آنے والے قانونی مسائل کا کہہ کر خدشے کا اظہار کررہے ہیں کہ کہیں حکومت کو بھی ویسی ہی صورتحا ل کا سامنا نہ کرنا پڑ جائے جبکہ دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کے کچھ سنیئر لوگ نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے پر زور بھی دے رہے ہیں جو ان کے حوالے سے نرم گوشہ رکھتے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے مشکل میں پھنسی حکومت کے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کو معاملے کا قابل قبول حل نکالنے کا ٹاسک دیا ہے ،جس پر حکومت کی قانونی ٹیم سر جوڑ کر معاملہ حل کرنے کی کوشش کررہی ہے ،ذرائع کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور انہیں بیرون ملک بھجوانے کا معاملہ آج منگل تک حل ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے میں ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے۔وزات داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منگل کی صبح 10 بجے ہوگا۔ ذیلی کمیٹی نے اس سلسلے میں فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار شہباز شریف یا ان کے نمائندے پیش ہوں جبکہ نیب کو بھی اپنا نمائندہ بھیجنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے فریقین کو متعلقہ دستاویزات کے ساتھ کمیٹی میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ نوٹس میں پنجاب حکومت کی جانب سے بنائے جانے والے میڈیکل بورڈ اور سیکرٹری صحت پنجاب کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے آج (منگل)کے روز منعقدہ اجلاس میں شہباز شریف کے نمائندے شریک ہوں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے ترجمان کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی میں شہباز شریف کی نمائندگی مسلم لیگ(ن)کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطااللہ تارڑ اور نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان شریک ہوں گے ۔عطااللہ تارڑ اور ڈاکٹر عدنان نوازشریف کی صحت اور عدالتی احکامات کے حوالے سے تفصیلات بیان کریں گے ۔ ترجمان نے کہا ہے کہ امید ہے کہ حکومتی سطح پر ای سی ایل سے نام نکالنے کےلئے امور کو جلد نمٹایا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کا اپنی رہائشگاہ پر علاج معالجہ جاری ہے تاہم صحت میں کسی طرح کی بہتری نہیں آسکی ، نواز شریف کو بیرون ملک لے جانے کیلئے ائیر ایمبولینس کل ( بدھ) پاکستان پہنچے گی ،سابق وزیر اعظم کی بیرون ملک روانگی میں تاخیر کی وجہ سے ہارلے سٹریٹ کے ڈاکٹروں سے لی گئی اپوائٹمنٹ منسوخ ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عدنان اور شریف میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور مشاورت کی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے بھی جاتی امراءجا کر اپنے بھائی کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے بھی مشاورت کے عمل میں شریک ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کاﺅنٹس میں بہتری نہیں آ سکی اور ڈاکٹروں نے نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کےلئے دی جانے والی ادویات کے حوالے سے بھی غوروخوض کیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق نواز شریف کو بیرون ملک لے جانے کے لئے ائیر ایمبولینس کل ( بدھ) کے روز پاکستان پہنچ جائے گی اور نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلتے ہی انہیں بیرون ملک لے جایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کی بیرون ملک روانگی تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے ہارے سٹریٹ کلینک کے ڈاکٹروں سے لی گئی اپوائٹمنٹ منسوخ ہو گئی ہے اور روانگی کا حتمی طے ہونے کے بعد دوبارہ ٹائم لیا جائے گا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain