خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں پردے کا حکم واپس

پشاور:(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے پردہ لازمی قرار دینے پر نوٹس لیتے ہوئے محکمہ تعلیم کو اعلامیہ واپس لینے کی ہدایت کر دی۔خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے پردہ لازمی کرنے کے معاملے پر حکومت اختلافات کا شکار ہو گئی۔محکمہ تعلیم کی جانب سے جلد صوبے بھر کے سرکاری اسکولوں میں طالبات کے لیے پردے کے فیصلے پر عملدرا?مد شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم جلد ہی اختلافات سامنے ا? گئے اور ترجمان صوبائی حکومت نے سرکاری اسکولوں میں پردے کی پابندی سے لاعلمی ظاہر کر دی۔وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صرف ایک ضلع میں والدین کی مرضی پر اعلامیہ جاری کیا گیا۔ پردہ مذہب کا حصہ ہے لیکن زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں طالبات کے لیے چادر یا عبایا لازمی قرار دینے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں جبکہ متعلقہ اسکولوں کو اعلامیہ واپس لینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیا اللہ بنگش نے پری پور اور پشاور کے بعد صوبے بھر میں فیصلہ نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے ماحول کی وجہ سے طالبات کے لیے پردہ لازمی کرنے کا فیصلہ کیا جس کی وجہ بچوں کا تحفظ اور والدین کی تسلی کرانا ہے۔مشیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہمارے اس فیصلے پر کچھ لوگ تنقید کر رہے ہیں لیکن ہم نے اپنے اقدار کے تحت فیصلے کرنے ہیں، چادر اور عبایا کی وجہ سے زیادہ بچیاں تعلیم کی طرف متوجہ ہوں گی۔

بھارتی سپریم کورٹ نے درمیانی راستہ نکالا ،مودی کے لیے کرفیو جاری رکھنا مشکل ہو گا:ضیا شاہد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل۵ کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیا شاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنہ مشق صحافی ضیا شاہد نے کہا ہے کہ انتقام اورغصہ نے مودی کو پاگل کر دیا ہے کوئی بھی صحیح الدماغ شخص اتنا لمبا عرصہ کرفیو نہیں لگاتا۔ ہم نے زندگی میں بہت بار کرفیو لگتے دیکھے ہیں کرفیو کے دوران بھی ایک گھنٹہ دیا جاتا ہے کہ لوگ ضروری اشیا خرید لیں تاہم مودی غصے میں اندھا ہو چکا ہے کہ اتنی بھی مہلت دینے کو تیار نہیں ہے۔ کشمیریوں کے صبر اور حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اتنے طویل عرصے سے گھروں میں بند ہیں مگر معافی مانگی نہ آزادی کے مطالبہ سے دستبردار ہوئے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے درمیانی راستہ تلاش کیا ہے، حکومت کے اقدام کو ختم کرنے کے لئے یہ راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ مودی سرکار نے اس کے باوجود ضد کی تو توہین عدالت لگے گی۔ دنیا میں کشمیر کے معاملے پر جتنی ہا ہا کار مچی ہوئی ہے اس سے لگتا نہیں کہ عوامی فیصلہ کرنے کے باوجود مودی سرکار وہاں کرفیو جاری رکھے۔ خالصتان آزادی کی تحریک ہے ابھی اسے کامیابی نہیں ملی اس لئے ان کی جاری کرنسی اور پاسپورٹ کی حیثیت صرف علامتی ہے۔ عمران خان نے نو ڈیل نو ڈھیل کی بات کی ہے نوازشریف بھی یہی بات کر رہے ہیں دونوں فریق اپنی اپنی انتہا پر ہیں۔ عمران خان چاہتے ہیںکہ نوازشریف پالی بار گین کریں اور پیسے جمع کرا کر آزاد ہو جائیں تاہم نوازشریف سیاستدان ہیں وہ اس پر تیار نہیں ہوں گے۔ نوازشریف کے کیسز عوام کی عدالت میں بھی رکھیں کیا فیصلہ آتا ہے۔ مریم نواز اپنے والد کی لائن پر چلیں گی دونوں میں ہم آہنگی اور رابطہ ہے مل کر فیصلہ کرتے ہیں۔ امریکہ ایران پر الزام تو لگا رہا ہے مگر کوئی ثبوت فراہم نہیں کر رہا ایران اس وقت کسی نئے پنگے میں نہیں پڑنا چاہے گا۔ امریکہ ایران کے خلاف محاذ کھولتا ہے تو اسے یہ فیصلہ ہو گا کہ افغانستان کا معاملہ اس میں دب کر رہ جائے گا۔

نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو تحقیقات کیلئے طلب کرلیا

کراچی (ویب ڈیسک)قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مشکوک ذرائع اور عہدیداروں کے ذریعے مبینہ طور پر شوگر ملز کو سبسڈیز دینے پر تفتیش کے لیے طلب کرلیا۔نیب عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو نیب کراچی کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔وزیراعلیٰ سندھ اس سے قبل سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے جو منی لانڈرنگ اور جعلی اکاو¿نٹس کیس میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفتیش کررہی تھی۔میڈیا کو جے آئی ٹی سے باخبر ذرائع نے بتایا تھا کہ جب چار یا پانچ شوگر ملز کو دی گئی سبسڈیز کا معاملے پیش آیا تو ٹیم اراکین کے درمیان اختلاف بھ سامنے آیا تھا کیونکہ چند اراکین کا خیال تھا جے آئی ٹی کو صرف جعلی بینک اکاو¿نٹس کی تفتیش کے لیے تشکیل دیا گیا ہے اس لیے یہ معاملہ ہماری حدود سے باہر ہے۔بعد ازاں شوگر ملز سبسڈیز کے حوالے سے تفتیش کے لیے نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل عرفان منگی کی جانب سے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم (سی آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نیب راولپنڈی کے سامنے پیش ہوئے تھے جہاں سی آئی ٹی نے ان کو 50 سوالات پر مشتمل ایک سوالنامہ دیا تھا جس میں ٹھٹہ شوگر مل اور دادو شوگر مل کی فروخت سے متعلق سوالات بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ سی آئی ٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سے گزشتہ دورِ حکومت میں بطور صوبائی وزیرِخزانہ اومنی گروپ کے لیے ایک ارب روپے کی سبسڈی منظور کرنے سے متعلق بھی سوالات کیے تھے۔کیس کے حوالے سے ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ جب مراد علی شاہ سندھ کے وزیرخزانہ تھے تو انہیوں مبینہ طور پرٹھٹہ شوگرملز اور دادو شوگر ملزسمیت مخصوص شوگر ملز کو سبسڈیز دیں۔نیب کے ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کونورآباعد پاورپراجیکٹ کیس میں بھی تفتیش کا سامنا ہے جس کے حوالے سے 3 افراد پہلے ہی گرفتار ہوچکے ہیں جن میں سندھ اینگرو کول مائننگ کے چیئرمین خورشید جمالی، سی ای او ٹیکنومین کنیٹک پرائیویٹ لمیٹڈ سید آصف محمود اور ڈائریکٹر نوری آباد پاور کمپنی سید عارف علی شامل تھے۔نیب کے مطابق تینوں عہدیداروں کو ٹیکنومین کنٹیک پرائیویٹ لمیڑڈ اور سندھ نوری پاور کمپنی اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (ایس ٹی ڈی سی) کو غیر قانونی مراعات دینے کا الزام تھا جس سے قومی خزانہ کو ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کانقصان پہنچا۔یاد رہے کہ سندھ کی صوبائی کابینہ کو رواں برس کے آغاز میں آگاہ کیا گیا تھا کہ پاورپلانٹ سے 6 ارب 62 کروڑ روپے کا منافع ہوا ہے۔

وائی فائی کا نیا اور تیز ترین ورژن متعارف

لاہور (ویب ڈیسک)کیا اپنے گھر کے وائی فائی انٹرنیٹ کی اسپیڈ سے بیزار رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا نیا ورڑن باضابطہ طور پر متعارف کرادیا گیا ہے۔وائی فائی الائنس نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ کمپنیوں کو وائی فائی 6 سرٹیفکیشن دینے کا آغاز کررہی ہے، یعنی اب یہ گروپ وائی فائی 6 ڈیوائسز کے لیے معیار طے کرے گا۔مگر وائی فائی 6 میں ایسا کیا نیا ہے جو اسے موجودہ وائی فائی 5 سے الگ بناتا ہے؟وائی فائی 6 میں کیا خاص ہے؟وائی فائی 6 اسی وائی فائی کا نیا ورڑن ہے جو آپ برسوں سے استعمال کررہے ہیں مگر یہ زیادہ تیز اور زیادہ افادیت والا ورژن ہے، جیسے موبائل انٹرنیٹ جو 3 جی سے 4 جی پر گیا اور اب 5 جی کا عہد شروع ہورہا ہے، وائی فائی ٹیکنالوجی میں گزرے برسوں کے دوران بتدریج بہتری آئی ہے۔چونکہ آج کل 4 کے فلمیں اسٹریم کی جاتی ہیں بلکہ پوری پوری ویڈیو گیمز بھی انٹرنیٹ پر چلتی ہیں تو وائی فائی میں بہتری کوئی حیرانی کی بات نہیں۔اہم بات یہ ہے کہ وائی فائی 6 صارفین کو انٹرنیٹ کی بہت، بہت تیز رفتار فراہم کرے گا اور سی نیٹ نامی ویب سائٹ کی آزمائش کے مطابق یہ نیا ورژن امریکا میں اوسط ڈان لوڈ اسپیڈ سے ایک ہزار فیصد تیز ہے۔یعنی ایچ ڈی فلمیں بھی چند سیکنڈوں یا منٹ میں ڈان لوڈ ہوسکیں گی جبکہ زیادہ ہجوم والی جگہوں یعنی ایسے مقامات جہاں ایک نیٹ ورک سے متعدد ڈیوائسز کنکٹ ہوتی ہیں، پر بھی وائی فائی 6 زیادہ بہتر کارکردگی دکھائے گا۔کیا موجودہ ڈیوائسز پر کام کرے گا؟درحقیقت فی الحال ایسا ممکن نہیں کیونکہ ابھی وائی فائی 6 ابتدائی مراحل میں ہے اور ڈیوائسز میں اس کے لیے طے کردہ اسٹینڈرڈ کا خیال رکھنا ہوگا۔ویسے کمپنیاں اس پر کام کررہی ہیں جیسے سام سنگ گلیکسی ایس 10، گلیکسی نوٹ 10 اور آئی فون 11 میں وائی فائی 6 اسٹینڈرڈ سپورٹ موجود ہے۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ وائی فائی 6 میں ڈان لوڈ اسپیڈ 1000 ایم بی پی ایس سے زیادہ تیز ہوگی مگر اس وقت بیشتر ہوم نیٹ ورکس اتنی رفتار کو سپورٹ ہی نہیں کرتے، یعنی اگر وائی فائی سکس والی ڈیوائس خرید لیتے ہیں مگر ہوم انٹرنیٹ پیکج محض 200 ایم بی پی ایس پر کام کرتا ہو، تو یہ کچھ ایسا ہی ہوگا جیسے فائیو جی فون کو 4 جی نیٹ ورک پر استعمال کیا جائے گا، یعنی کام کرے گا اور مایوسی بھی نہیں ہوگی، مگر یہ ماضی کے تجربے سے کچھ زیادہ مختلف بھی نہیں ہوگا۔درحقیقت وائی فائی 6 کے مکمل پھیلاﺅ میں ابھی کچھ عرصہ لگے گا کیونکہ اس کے لیے انفراسٹرکچر درکار ہے مگر یہ ضرور ہے کہ انٹرنیٹ کی دنیا تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

نیب نے وزیراعلی سندھ کو کل طلب کرلیا

کراچی(ویب ڈیسک) نیب کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پوچھ گچھ کے لیے کل طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق نیب کراچی نے وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کو طلب کرلیا، مراد علی شاہ کو جے آئی ٹی کیس میں پوچھ گچھ کے لیے 11 بجے کینٹ ہیڈ کوارٹر طلب کیا گیا ہے جہاں نیب کی کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم ان سے پوچھ گچھ کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ کے شیڈول میں 11 بجے کا نیب جانے کا ریمائنڈر لگا دیا گیا ہے جب کہ نیب کی 15 رکنی ٹیم بھی کراچی پہنچ گئی ہے، ٹیم میں جس میں 11 تحقیقاتی افسر اور 4 اسسٹنٹ شامل ہیں۔

سعودی آئل فیلڈز پر حملے میں ایرانی ہتھیار استعمال ہوا، عرب عسکری اتحاد

الریاض (ویب ڈیسک)یمن کے معاملے پر سعودی عرب کی سربراہی میں بنائے گئے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی دو آئل فیلڈز پر ہونے والے حملے میں ایرانی ہتھیار کے استعمال کے شواہد ملے ہیں۔گزشتہ دنوں سعودی عرب کی دو بڑی آئل فیلڈز پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جن میں آرامکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ عبقیق اور مغربی آئل فیلڈ خریص شامل ہیں۔ان حملوں کے بعد مشرق وسطی میں سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور ساتھ ہی تیل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ امریکا نے براہ راست ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے تاہم ایران نے اِن الزامات کی تردید کی ہے۔اب یمن کے معاملے پر سعودی عرب کی سربراہی میں بنائے گئے عرب عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سعودی آئل فیلڈز پر حملوں میں ایرانی ہتھیار کے استعمال کا انکشاف کیا ہے۔کرنل ترکی المالکی کا جدہ میں پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئل فیلڈز پر ڈرون حملوں میں ایرانی ہتھیار استعمال کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ حملے یمن کی سرزمین سے نہیں ہوئے جس کی ذمہ داری حوثیوں نے قبول کی، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ حملہ کہاں سے کیا گیا۔ترکی المالکی نے کہا کہ جلد یہ بات میڈیا کے سامنے لائی جائے گی کہ ڈرونز کو کہاں سے حملے کیلئے بھیجا گیا۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے دوبارہ سعودی عرب کی ا?ئل تنصیبات پر حملے کی دھمکی دی ہے۔ حوثی ملیشیا نے دھمکی دی کہ سعودی عرب میں آرامکو اور غیر ملکیوں کو خبر دار کررہے ہیں کہ دوبارہ حملوں کیلئے تیار رہیں۔یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملہ کیا گیا، یقین کرنے کی وجہ ہے کہ ہم مجرم کو جانتے ہیں، ہم نشانہ اور ہتھیار بند ہیں لیکن یہ تصدیق پر منحصر ہے، سعودی عرب کا انتظار کررہے ہیں کہ وہ کسے اس حملے کا مجرم سمجھتے ہیں اور کن شرائط پر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔خیال رہے کہ مارچ 2015 میں سعودی عرب کی سربراہی میں 9 ممالک کا عسکری اتحاد قائم ہوا تھا جس نے یمن میں فوجی مداخلت کی تھی جس کا مقصد عالمی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کو بحال کرنا تھا جسے حوثی باغیوں نے 2014 کے آخر میں اقتدار سے ہٹادیا تھا۔اس کے بعد سے حوثی باغی یمنی حکومت اور عرب عسکری اتحاد کیخلاف ہتھیار اٹھائے ہوئے ہیں اور رواں برس انہوں نے مختلف سعودی شہروں پر ڈرون اور میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔یمن تنازع کو خطے میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان پراکسی وار سمجھا جاتا ہے کیوں کہ حوثی باغیوں کو ایران کی حمایت حاصل ہے۔

مانیٹری پالیسی کا اعلان، پالیسی ریٹ 13.25 فیصد پر برقرار

کراچی (ویب ڈیسک)اسٹیٹ بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے مالیاتی پالیسی کا اعلان کردیا، پالیسی ریٹ کی شرح 13.25 فیصد برقرار رکھی گئی ہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مہنگائی کی شرح گیارہ سے بارہ فیصد رہے گی، آئندہ 24 مہینوں میں اسے پانچ سے سات فیصد تک لانے کیلئے سود کی موجودہ شرح موافق ہے، شرح نمو ساڑھے تین فیصد رہے گی، معاشی حالات بتدریج بہتر ہوں گے جبکہ عالمی شرح سود میں کمی سے ترسیلات بڑھیں گی۔اسٹیٹ بینک کی پالیسی بورڈ کا اجلاس صبح سے جاری تھا اور تقریباً شام 6 بجے پالیسی بیان جاری ہوا۔ شرح سود 13.25 فیصد برقرار ہے، مہنگائی کے اندازے 11 سے 12 فیصد کے ہیں جبکہ شرح نمو ساڑھے تین فیصد رہے گی۔پالیسی فیصلے کرتے ہوئے حقیقی معیشت، بیرونی اور مالیاتی شعبوں کو اہمیت دی گئی ہے، کمیٹی کا خیال ہے کہ معاشی سرگرمیاں بتدریج بہتر ہوں گی، مثبت رجحان اسے فروغ دے گا۔ بیرونی شعبہ بہتری دکھا رہا ہے، حکومت نے اپنے واجبات کم کیے ہیں اور زرمبادلہ بڑھائے ہیں۔مرکزی بینک کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام اور دیگر ذرائع سے رقم کی آمد سے صورتحال بہتر ہوئی ہے، تیل کی سہولت بھی زرمبادلہ بڑھنے کا سبب ہے، یکم جولائی سے ایک ارب اٹھارہ کروڑ ڈالر بڑھ چکے ہیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مبادلہ مارکیٹ بھی مارکیٹ بیس سسٹم پر منتقل ہوگئی ہے، یہ اعتماد بڑھائیں گے۔ پرائیوٹ سیکٹر نے قرض کم کیا ہے البتہ ٹیکس محصولات پتہ دیتے ہیں کہ معاشی سست روی اندازوں سے کم ہے، اقتصادی شعبہ ملی جلی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔مرکزی بینک کے مطابق مہنگائی کو آئندہ دو برسوں میں پانچ سے سات فیصد تک لانا ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے پالیسی ریٹ کی موجودہ شرح درست ہے، تیل کی عالمی قیمتیں کم ہونے سے مہنگائی میں کمی توقعات سے پہلے ہوسکتی ہے۔

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا امکان ہے۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کااثر پاکستان پر بھی پڑے گا، ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے سے 8 روپے جب کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 10 روپے سے 12 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تیل کی قیمتوں کے فارمولے کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثرعوام پر نومبر میں پڑے گا، حکومت ٹیکسوں کی شرح میں کمی کرکے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا کم سے کم بوجھ صارفین پر ڈالے گی۔واضح رہے کہ 3 روز قبل سعودی عرب میں تیل کے کنوﺅں اور پلانٹس پر حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں تیل کی عالمی رسد میں 5 فیصد کمی ہوگئی ہے، اسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

ترک صحافتی وفد کا آئی ایس پی آر آفس کا دورہ

راولپنڈی(ویب ڈیسک) ترجمان پاک کا کہنا ہے کہ ترکی کے صحافیوں کے وفد کو مقبوضہ کشمیر سمیت ایل او سی اور ورکنگ باو¿نڈی کی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکی کے صحافیوں کے وفد نے آئی ایس پی آر آفس کا دورہ کیا، ترک صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں محاصرے ، انسانی حقوق کی پامالیوں اور وادی کی تشویشناک صورتحال کےعلاقائی امن کے لیے مضمرات پر بریفنگ دی گئی۔ترک صحافیوں کے وفد کو فروری کے پاک بھارت تنازع، ورکنگ باونڈری و لائن آف کنٹرول کی صورتحال اور بھارتی فوج کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق صحافیوں کا گروپ 18 ستمبر کو مظفرآباد اورچکوٹھی کا دورہ کررہا ہے، تاکہ بھارتی سیز فائر خلاف ورزیوں کے شکار مقامی افراد اور متاثرین سے بات چیت کی جاسکے۔

فیس بک لائیو اب لائٹ ایپ پر بھی دستیاب

کیلیفورنیا (ویب ڈیسک)فیس بک لائیو کا فیچر اب اس سوشل نیٹ ورک کی لائٹ ایپ میں بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ایمسٹرڈیم میں انٹرنیشنل براڈکاسٹنگ کنونشن کے دوران کمپنی کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ اب فیس بک لائیو استعمال کرنے والے ایسے افراد تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے جن کے پاس زیادہ مہنگے فونز یا بہتر موبائل نیٹ ورک کنکشن نہیں۔کنونشن کے دوران فیس بک کی جانب سے لائیو اور واچ پارٹی کے لیے چند نئے فیچرز کو متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا گیا جیسے اب تخلیق کار لائیو براڈکاسٹ کو ری شیئر کرسکیں گے۔اسی طرح پبلشر ویڈیو کے آغاز یا اختتام کی فوٹیج کاٹ سکیں گے تاکہ کسی قسم کی غلطی سے چھٹکارا پانا آسان ہوسکے۔فیس بک کے مطابق اگر پبلشر کی خواہش ہوگی کہ وہ ایونٹس جیسے کھیلوں کا میچ یا دیگر کو معمول زیادہ وقت تک نشر کرسکیں تو اب یہ ممکن ہوسکے گا اور اب لائیو ویڈیوز کا دورانیہ 8 گھنٹے کردیا گیا ہے جو کہ پہلے 4 گھنٹے تھا۔مزید براں وہ فیس بک لائیو میں ایپس کو بھی استعمال کرکے بھی لائیو نشریات دیگر آن لائن اسٹریمنگ سروسز پر نشر کرسکیں گے۔فیس بک کی جانب سے پیجز کو بھی واچ پارٹیز شیڈول کرنے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ گروپ براڈکاسٹس کے لیے ری پلے کا آپشن بھی دیا جارہا ہے۔کمپنی کی جانب سے پیجز کی ویور میٹرکس مانیٹر کی صلاحیت کو بھی بڑھایا جارہا ہے جبکہ نئے فیچرز سے ہٹ کر بھی کریٹیرز اسٹوڈیو کے لیے 13 نئی زبانوں میں آٹو کیپشن کا فیچر دیا جارہا ہے جبکہ انسٹاگرام پوسٹس 6 ماہ تک شیڈول کرنے کی صلاحیت بھی دی جارہی ہے۔