تازہ تر ین

بے ہنگم پتھروں پر پینٹنگ سے بنی جانوروں کی دلکش تصاویر

ٹوکیو(ویب ڈیسک) ہر جگہ کئی اشکال کے پتھر پڑے ملتے ہیں لیکن جاپانی فنکارہ آکی نکاتا اپنے چشمِ تصور سے کسی بھی پتھر پر کوئی جانور دیکھ لیتی ہیں اور اس پر خوبصورتی سے اس جانور کی تصویر بناتی ہے۔لیکن اسے تصویر نہیں کہا جاتا کیونکہ وہ اپنے فن سے اس پتھر کو عین اسی طرح کےجانور میں ڈھالتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ بھول جاتےہیں کہ یہ کوئی بھدا پتھر تھا یا پھر کسی جاندار کا مجسمہ ہے۔ اسی بنا پر انہیں جاپان میں اسٹون آرٹسٹ یا ’مصورِ سنگ‘ کہا جاتا ہے اور یہ سلسلہ 2010 سےجاری ہے۔آکی نکاتا کے مطابق ان کے نزدیک پتھر کوئی کینوس نہیں بلکہ ایک احساس کا نام ہے۔ کئی برس قبل وہ دریا کے کنارے چہل قدمی کررہی تھی کہ ایک پتھر پر ان کی نظر پڑی اور اسے اٹھالیا۔’میں جب کوئی پتھر اٹھاتی ہوں تو اسے محسوس کرتی ہوں۔ کبھی یہ بھی لگتا ہے کہ میں نے پتھر کو نہیں بلکہ پتھر نے مجھے تلاش کیا ہے۔ میرے خیال میں ہر پتھر کا اپنا ارادہ ہوتا ہے جس سے مجھے پتا چلتا ہے کہ اب اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے بعد میں اس پر پینٹنگ کرتی ہوں اور پتھر سے میرا رشتہ جڑ جاتا ہے،‘ آکی نے کہا۔وہ کہتی ہیں کہ انہیں پتھروں کا احساس رہتا ہے لیکن وہ کسی بھی پتھر کو گھسنے یا توڑنے کی بجائے اس کی اصل شکل کو بحال رکھتی ہیں۔ وہ پتھر کو عین اس کی قدرتی صورت کے تحت ایک جانور کی شکل میں ڈھالتی ہیں۔ جب تک جانور میری آنکھوں میں دیکھ کر زندہ نہیں لگتا اس وقت تک میں اس پر پینٹنگ کرتی رہتی ہوں۔ یہاں تک کہ پتھر ایک جیتا جاگتا جانور دکھائی دیتا ہے۔لوگوں کے بار بار استفسار کے باوجود وہ کسی کو بھی پتھریلے جانور فروخت نہیں کرتیں لیکن جو بھی دیکھنا چاہے وہ اس کی اجازت دیتی ہیں۔ آکی نکاتا کا سارا کام ان کے سوشل میڈیا اکاونٹ پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اب بھی ان کے اسٹوڈیو میں خاموش پتھروں کا ایک ڈھیر پڑا ہے جس پر انہیں جانوروں کی حیرت انگیز تصاویر کاڑھنی ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain