انقرہ(ویب ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان نے مہلک وائرس سے نمٹنے کے لیے ’کورونا وائرس فنڈ‘ کا اعلان کیا ہے اوراس سلسلے میں پہل کرتے ہوئے اپنی 7 ماہ کی تنخواہ جمع کرا دی ہے۔صدر طیب اردوان نے ملک میں کورونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لیے قومی فنڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ ترک صدر نے بھی اس فنڈ کیلیے اپنی 7 ماہ کی تنخواہ عطیہ کی ہے جب کہ کابینہ کے ارکان بھی اپنا حصہ ڈالیں گے۔اس موقع پر ترک صدر طیب اردوان نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے کم آمدنی والے افراد کے لیے ملک بھر میں ”ہم ایک دوسرے کے لیے خود ہی کافی ہیں”کے عنوان سے قومی یکجہتی مہم کا آغاز بھی کیا۔ترکی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ملک بھر میں جزوی لاک ڈاون کیا گیا ہے۔ تعلیمی ادارے بند ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل اور ذرائع آمد و رفت محدود کردی گئی ہے۔ اٹلی، اسپین، امریکا اور ایران کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ترکی میں ہے اور اب تک وہاں مریضوں کی تعداد 10 ہزار 827 ہو گئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔






































