جدہ(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں بیرون ملک سے آئے 400 افراد کو قرنطینہ سے کلیئر قرار دے کر گھروں کو بھیج دیا گیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق ایئرپورٹس پر آئے سینکڑوں افراد کو جدہ میں 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ جن میں سے 400 افراد کو گزشتہ روز کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے کر انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔ ان تمام افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔جدہ میں قرنطینہ سے نکلنے والے پہلے گروپ کے واپس جاتے وقت وزارت صحت کے عہدے داروں کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ان افراد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں تحائف بھی دیئے گئے۔قرنطینہ سے نکلنے والے ان افراد کا کہنا تھا کہ انہیں قرنطینہ میں بہترین سہولتیں دی گئیں، انہیں کسی بھی موقع پر ایسا احساس نہیں ہوا کہ وہ کسی ہسپتال جیسے مقام پر ہے۔ایئر پورٹس سے لے کر قرنطینہ میں قیام اور وہاں سے واپسی پر ان کے ساتھ عزت اور احترام والا سلوک ہوا۔ کسی نے بھی انہیں مشتبہ مریض ہونے کے اندیشے پر اچھوتوں والا برتاو نہیں کیا۔واضح رہے کہ سعودی مملکت میں 14 روز قبل بیرون ملک سے آنے والے سعودی شہریوں کو کرونا کے خطرے کے پیش نظر قرنطینہ منتقل کیا گیا تھا۔یہ شہری ان ممالک سے واپس آئے تھے جہاں پر کورونا نے وبا کی صورت اختیار کر رکھی تھی۔وزارت صحت کے مطابق مذکورہ افراد کوجدہ سے سعودیہ ایئر کی خصوصی پروازوں کے ذریعے ریاض اور دمام پہنچا دیا گیا۔قرنطینہ سے واپس گھروں کو بھیجنے سے قبل ان تمام 400 افراد کا ’کورونا وائرس ‘کا ٹیسٹ کیا گیا۔رپورٹ منفی آنے پر انہیں روانہ کر دیا گیا۔ قرنطینہ میں رکھے گئے شہریوں کی چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر نگرانی کی جا رہی ہے۔
