اسلام آباد(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا ہے کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے۔اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق ان کی شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے، ملک میں کورونا وائرس پھیل رہا ہے، ایسے میں کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے، کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا جس پر شدید تشویش ہے۔ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں کے لئے سب کی تجاویز سے ملک اور قوم کو خطرات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے، وائرس کے طبی پہلووں کے حوالے سے قومی سطح پر کوئی نظام وضع کرنا اشد ضروری ہے، ٹیسٹنگ اور اسکریننگ کے لئے فوری طور پر واضح طریقہ کار اور معیارات اپنائے جائیں، ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلد از جلد قائم کیا جائے بصورت دیگرخدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیلوں میں کورونا سے بچاوکے فوری اور موثر انتظامات کئے جائیں، انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے لئے بڑے خاکے کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا، پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے فورم پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی بریفنگ دی جانی چاہیے۔