ریاض(ویب ڈیسک) چند ہفتے قبل سعودی عرب میں جب کورونا کے مریضوں کی گنتی میں اضافہ ہوا تو لوگوں نے مستقبل کی غیر یقینی صورت حال کے باعث بڑی گنتی میں اشیائے خورو نوش اور دیگر سامان دھڑا دھڑ خرید کر گھروں پر ذخیرہ کر لیا۔ تاہم سعودی عرب کی مشہور کاروباری شخصیت سلیمان البیتل کی بیٹی افنان البیتل کو اپنی بے تحاشا شاپنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔عوام نے معروف امیر زادی اور سوشل میڈیا سٹار کو کھری کھری سنا دیں۔ افنان نے اپنی شاپنگ کی یہ ویڈیو ”فوڈ سٹوریج“ کے نام سے پوسٹ کی تھی۔ یہ معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک سعودی سوشل ایکٹیوسٹ نے افنان البیتل کی ویڈیو کو ری ٹویٹ کر کے اس پر کڑی تنقید کی۔ افنان البیتل سوشل میڈیا کی ایک معروف شخصیت بھی ہے جس کے فالوورز کی گنتی 80 لاکھ سے زائد ہے۔اپنی اس ویڈیو میں افنان ایک سپرسٹور میں موجود ہے جہاں وہ اپنے پاس موجود ٹرالی میں اپنے بچے کے لیے درجنوں کی گنتی میں دودھ کے ڈبے اور دیگر سامان ذخیرہ کر رہی ہے۔ اپنی اس ویڈیو میں افنان نے کہا تھا کہ کورونا کی وجہ سے اس وقت جو حالات بن رہے ہیں، ایسے میں ہر عرب خاتون کو اپنے پاس کھانے پینے اور دیگر اشیاءکی بڑی مقدار محفوظ کر لینی چاہیے۔تاہم لوگوں نے اس کی ویڈیو سے اتفاق نہیں کیا اور سوشل میڈیا پر Afnan-Batel-Greed (لالچی افنان بیتل) کے نام سے ہیش ٹیگ بن گیا۔جس میں ہزاروں افراد نے اس کی مذمت کر ڈالی۔ ایک صارف نے مطالبہ کیا کہ افنان نے بڑی تعداد میں شاپنگ کر کے مملکت کی لاکھوں ماوں کے دلوں میں خوف و ہراس پیدا کیا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اس غلط حرکت کی بناءپر افنان کا اکاونٹ معطل کر دیا جائے۔افنان کی ویڈیو سے یہ پیغام گیا ہے کہ مملکت میں حالیہ بحران کے باعث غذائی اشیاءکی شدید قِلت ہونے جا رہی ہے۔ جس کا اس کے لاکھوں فالوورز پر منفی اثر پڑا ہے۔ واضح رہے کہ افنان سوشل میڈیا کی ایک معروف شخصیت ہے، جس کے انسٹاگرام پر 8 لاکھ فالوورز ہیں۔ گزشتہ سال اس کی شادی انتہائی شان و شوکت کے ساتھ ہوئی جس میں بے انتہا دولت کا استعمال کیا گیا۔ شادی کی اس انتہائی عیاشانہ تقریب پر بھی لوگوں نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ افنان کی شادی ایک انتہائی دولت مند گھرانے کے سعودی نوجوان سے ہوئی ہے جو آرامکو میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہے۔
