ام القوین(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس پر قابو پانے کی خاطر حکومت نے لوگوں کے گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس کی خلاف وزری کرنے والے کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم کچھ افراد نے عوامی مفاد میں چلائی گئی اس حکومتی مہم کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے گزشتہ چند دنوں میں ایسے درجنوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے ”گھروں پر رہو“ مہم ، کرفیو اور سیکیورٹی اہلکاروں کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایاتھا۔اماراتی ریاست ام القوین میں بھی پولیس نے ایک منچلے کو گرفتار کر لیا ہے جو اپنی ایک ویڈیو میں گھروں پر بیٹھے افراد کا مذاق اڑا رہا تھا۔ ام القوین پولیس کے اعلیٰ عہدے دار بریگیڈیئر حامد مطار بن عجیل نے بتایا کہ ام القوین کے ایک مقامی نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں اس نے ایک خاص علاقے کے لوگوں کا خاص طور پر مذاق اڑاتے ہوئے انہیں گھروں میں قید رہنے پر بزدل قرار دیا تھا۔پولیس کے نوٹس میں معاملہ آنے کے بعد اس نوجوان کی نشاندہی کرنے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ ام القوین میں جو بھی مقامی یا تارک وطن اپنے الفاظ یا عمل کے ذریعے لوگوں کی توہین و تضحیک کرے گا، اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ دبئی پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ جو افراد مملکت میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث نافذ کیے گئے کرفیو یا حکومتی اقدامات کا مذاق اڑائیں گے یا سیکیورٹی اہلکاروں کی تضحیک اور توہین کریں گے، ان کی تصاویراور دیگر کوائف میڈیا پر جاری کر دیئے جائیں گے تاکہ ان افراد کو ان کی غیر ذمہ دارانہ حرکات پر صحیح معنوں میں شرمندہ کیا جا سکے اور لوگوں کی جانب سے بھی ان کے غیر ذمہ دارانہ اقدام کی مذمت کی جائے۔یہ افراد اپنی غیر سنجیدگی کے باعث مستقبل میں کسی بھی جگہ ملازمت حاصل نہیں کر پائیں گے۔ پولیس کے مطابق کرفیو کی خلاف وزری اور سیکیورٹی اہلکاروں کا مذاق اڑانے والے نہ صرف قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں بلکہ دوسرے افراد کو بھی غلط اقدامات پر ابھارتے ہیں۔ دبئی پولیس کے مطابق رواں ہفتے کے دوران سے ان تمام اماراتی اور غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا جا رہا ہے جنہوں نے ‘Stay Home’ (گھروں میں ہی رہو) کی حکومتی مہم کا مذاق اڑایا تھا۔ان غیر ذمہ داروں کا نام ، تصاویر اور دیگر تفصیلات میڈیا کو جاری کرنے کے علاوہ دبئی پولیس کے سوشل میڈیا چینلز پر بھی ظاہر کی جائیں گی۔اس لیے دبئی پولیس کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو لوگ کرفیو اور Stay Home جیسی حکومتی مہم کا مذاق اڑائیں گے، ان کی تصاویر بغیر دھندلی کیے میڈیا کو بھیجی جائیں گی۔ یہ کام اسی ہفتے سے شروع ہو جائے گا۔ اس طرح ان لوگوں کو سماج میں بڑی شرمندگی کا سامنا کرنا ہو گا۔
