تازہ تر ین

وزیر اعلیٰ کے طوفانی دورے جاری، دیپالپور،چشتیاں،ساہیوال کے ہسپتالوں کا معائنہ،گندم خریداری انتظامات کا بھی جائزہ لیا

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال کے طوفانی دورے کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تینوں شہروں کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کے انتظامات اور آئسولیشن وارڈز میں طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم خریداری مراکز کے بھی دورے کئے اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے مراکز پر کئے جانے والے انتظامات کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت دیپالپور، چشتیاں اور ساہیوال میں اعلیٰ سطح کے اجلاس منعقد ہوئے جن میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال میں مردوں اور خواتین کیلئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں ڈائلسیز سینٹر بھی دیکھا اور ڈائلسیز سینٹر میں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے طبی سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔منتخب نمائندے انتظامیہ اور پولیس متحرک انداز میں اپنے فرائض جاری رکھے ہوئے ہیں۔موجودہ حالات میں ذمہ داری بڑھ گئی ہے، فرائض کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا ہوگا۔ دکھی انسانیت میں ہمہ وقت مصروف ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ حفاظتی اقدامات عوام کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے ہیں اور عوام اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کی پابندی کریں۔آزمائش عارضی ہے،انشاءاللہ سرخرو ہوں گے۔ آزمائش کی گھڑی میں عوام کو کسی صورت حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دیپالپور میں گندم خریداری مرکز کا بھی معائنہ کیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے سینٹر پر موجود کاشتکاروں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت نے ہماری سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔ کاشتکاروں کیلئے گندم خریداری مرکز پر ایسے شاندار انتظامات کبھی نہیں دیکھے۔سینٹر پر کسان سہولت کے ساتھ اپنی گندم فروخت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ہر صورت کیا جائے گا۔خریداری گندم مہم میں گرداوری کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر ناپ تول میں کمی سمیت کسی قسم کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔جہاں سے بھی کوئی شکایت آئی، سخت ایکشن لیا جائے گا۔ خریداری مراکز پر کاشتکاروں اور عملے کے تحفظ کیلئے ایس او پیز پرسختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے اور سینی ٹائزر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اوکاڑہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزراءسید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال، اعجاز عالم، اراکین اسمبلی، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز ، تحریک انصاف کے ضلعی صدر و جنرل سیکرٹری اور انتظامی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ یہ وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کا ہے۔ کورونا کے ساتھ انسداد ڈینگی، گندم خریداری مہم اور صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس جانفشانی سے فرائض سرانجام دے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اوکاڑہ دیپالپور روڈ کی تعمیر و بحالی کا کام جلد شروع کرنے کا اعلان کیا اور سڑک کی تعمیر و بحالی کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین دیپالپور میں عدم دستیاب سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کریں گے۔اوکاڑہ میں منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی کام ہوں گے اور اوکاڑہ میں تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں کی بہتری کیلئے ہرممکن وسائل دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا سے نمٹنے، مریضوں کے علاج معالجے، انسداد ڈینگی اور گندم خریداری مہم کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج چشتیاں کا بھی دورہ کیا اور احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سنٹر کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سینٹر پر مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مستحق خواتین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ خواتین نے سینٹر میں مہیا کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمیں انتہائی شفاف طریقے سے مالی امداد مل رہی ہے اور ہم وزیراعظم عمران خان اور آپ کے شکرگزار ہیں۔ سینٹر میں ہمارے لئے ہر طرح کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس کفالت پروگرام کے تحت لاکھوں مستحق افراد میں اربوں روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں مالی امداد کی تقسیم کا ایسا شفاف پروگرام کبھی نہیں آیا۔مالی امداد کوئی احسان نہیں بلکہ یہ وہ حق ہے جو ریاست مستحق افراد کو لوٹا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے مریضوں کیلئے قائم وارڈ کا معائنہ کیا اور علاج معالجہ کے لئے سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا اور آئسولیشن وارڈ میں انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چشتیاں کو تمام ممکنہ وسائل دے کر بہتر بنائیں گے۔ ڈاکٹراور پیرا میڈیکل سٹاف کی کورونا مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مثالی خدمات کو سراہتے ہیں۔ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف قوم کے محسن ہیں۔ یہ وقت دکھی انسانیت کی خدمت کا ہے۔ پنجاب حکومت ڈاکٹرز کی ہر ممکنہ حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دانش سکول چشتیاں میں شجرکاری مہم کے تحت سکول کے لان میں پودا لگایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت چشتیاں میں اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چشتیاں سمیت بہاولنگر میں صحت کی سہولتوں کیلئے ضروری وسائل فراہم کریں گے۔پنجاب حکومت چیف منسٹر رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ احساس کفالت پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے شفاف پروگرام ہے۔ مالی امداد کی رقم اصل حقداروں تک پہنچائی جا رہی ہے۔لاک ڈاﺅن کے باعث عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرائ، منتخب نمائندوں ، انتظامیہ اور پولیس نے موجودہ غیر معمولی حالات میں بہترین کام کیا ہے۔میں اپنی سیاسی اور انتظامی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بہاولنگر کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں کورونا کی صورتحال، مریضوں کے علاج معالجے، گندم خریداری مہم اور انسداد ڈینگی کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا، طاہر بشیر چیمہ، شوکت بسرا ، بہاولنگر کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز،تحریک انصاف کے ضلعی صدر ، جنرل سیکرٹری اور انتظامی و پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے بنائے جانے والے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے مختلف شعبے دیکھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال میں دل کے امراض کے علاج کیلئے سہولت موجود نہیں۔ انشاءاللہ اس ہسپتال میں کارڈیک سینٹر بنایا جائے گا اور ساہیوال میں چلڈرن ہسپتال بھی بنائیں گے۔ کارڈیک سینٹر اور چلڈرن ہسپتال پر اگلے مالی سال سے کام شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔ پنجاب میں اب تک 4111 متاثرہ مریض ہیں جبکہ 705 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔محکمہ صحت کو اس وباءسے نمٹنے کیلئے فوری طور پر 14 ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں جبکہ 62 کروڑ روپے ڈویژن کی سطح پر لیبز کے قیام کیلئے دیئے گئے ہیں۔پنجاب حکومت روزانہ کی بنیاد پر 3200 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جسے ہم پہلے 5 ہزار اور پھر 10 ہزار تک بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مہم جاری ہے اور 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد کا باردانہ جاری ہو چکا ہے۔ حکومت کے مالی امداد پروگرام کے تحت آج تک 22 ارب 75 کروڑ روپے غریب لوگوں میں تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب میں تعمیراتی سیکٹر کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں سٹیمپ ایکٹ میں ترمیم کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پنجاب کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ اسی طرح پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس 2020 کا اجراءکیا جا رہا ہے اور اس کی کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی اور آخری ترجیح اس وقت کورونا کا پھیلاﺅ روکنا ہے کیونکہ اس وباءکے باعث صورتحال بدل چکی ہے۔ بجٹ آنے والا ہے، ہم ترقیاتی منصوبوں کی طرف بھی توجہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صحافیوں کیلئے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں صحافی کالونی بنائی جائے گی۔ اس سلسلے میں میں نے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے حفاظتی لباس اور ضروری ساز و سامان کیلئے فنڈز جاری کر دیئے گئے ہیں اور ساہیوال کے ہسپتال میں بھی حفاظتی لباس مہیا کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس ساہیوال میں کورونا کنٹرول روم کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کنٹرول روم کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت سرکٹ ہاﺅس ساہیوال میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراءسید صمصام بخاری، نعمان لنگڑیال، اراکین اسمبلی، تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز ، ضلعی صدر و جنرل سیکرٹری اور انتظامی و پولیس حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد کورونا کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم اور ڈینگی کے سدباب کیلئے کئے جانے والے انتظامات بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ منتخب نمائندے اور انتظامی افسران عوام کی خدمت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت دکھی انسانیت کے دکھ بٹانے کا ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain