تازہ تر ین

پنجاب میں سرکاری افطارپارٹیوں پر پابندی،کرونا کا خاتمہ کریں گے،عثمان بزدار

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ کی مرکزی لیب کی انچارج مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف اور لیب کے دیگر عملے کی کورونا ٹیسٹنگ کیلئے خدمات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عندلیب حنیف کو نقد انعام بھی دیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے عندلیب حنیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو ہر ماہ اضافی تنخواہ دیں گے اور کورونا کی ٹیسٹنگ کے دوران عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کی محنت کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ کورونا ٹیسٹنگ کی لیب میں کام کرنے والے عملے کو تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یہ امتحان کی گھڑی ہے، جانفشانی سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے کام پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور حکومت ریسرچ کے حوالے سے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مرکزی لیب میں روزانہ 2ہزار ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ اب تک 28 ہزار سے زائد مریضوں کے ٹیسٹ اس لیب سے ہو چکے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں پر پابندی عائد : وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں سرکاری خرچ پر افطارپارٹیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا اطلاق وزرائ، سیکرٹریز اور دےگر سرکاری حکام پر ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباءکے باعث ہم نے پائی پائی کی بچت کرنی ہے اور موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر وسائل کو کورونا کی روک تھام کیلئے خرچ کرنا ہے۔ سرکاری وسائل کے استعمال میں ڈسپلن کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی وسائل کے امین ہیں اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کریں۔رمضان المبارک میں گھر رہیںاور محفوظ رہیں کی پالیسی شہریوں کے تحفظ کیلئے ہے۔ نئے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک کی ملاقات: وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں نئے تعینات ہونے والے چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں چیف سیکرٹری کے عہدے پر جواد رفیق ملک کیلئے تعیناتی پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا ہے۔کورونا وباءسے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں اور ہماری پہلی اور آخری ترجیح کورونا کا پھیلاﺅروکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے جانفشانی سے فرائض کی انجام دہی ضروری ہے۔ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاتفریق کریک ڈاﺅن کے لئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ انتظامی افسران ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تسلسل کے ساتھ جاری رکھیں۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب افتخار علی سہو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل پائیگاہ میں بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس، ملزم گرفتار: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کی یونین کونسل پائیگاہ میں اغواءکے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بچے کے قتل میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قتل کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے نوٹس پر ڈیرہ غازی خان پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے بچے کے قتل کے واقعہ میں ملوث ملزم ذوالفقار عرف زلفی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم مقتول بچے کا رشتہ دار ہے اور ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خانیوال کے قریب موٹروے پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس: وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خانیوال کے قریب موٹروے ایم فور پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain