لاہور(خصوصی رپورٹر) وزےراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو وباءکے خاتمے تک اضافی تنخواہ دیں گے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کورونا متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوںاور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ڈاکٹروںاور طبی عملے کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے – پنجاب حکومت کورونا مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کواپریل سے اضافی تنخواہ دی جائے گی اور وباءپر قابوپانے تک ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی-ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹرےننگ پر بھی فوکس ہے۔ ڈاکٹروں اور طبی عملے نے دن رات اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کا خیال رکھ کرحقیقی مسیحا ہونے کا ثبوت دیا ہے – ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا-وزیر اعلی نے مزید کہاکہ کورونا وباءکا پھیلاﺅ روکنے کے لئے جوکچھ انسانی بس مےں ہوا،وہ کیاجائے گا۔ غیرمعمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات وقت کا تقاضا ہے۔حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔حکومت کے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ کورونا کے خلاف جنگ میں جیت ہی واحد آپشن ہے- موجودہ حالات میں عوام کےساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں مزید کہا کہ عاقبت نا اندیش اپوزیشن وباءکے دنوں میں بھی سیاست سے باز نہیں آئی -اپوزیشن رہنما قومی اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کر رہے ہیں -وباءکے دنوں میں نفاق پھیلانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی-وزیر اعلی نے کہا کہ سابق حکمرانوں کا رویہ روٹی کی بجائے کیک کھانے کا مشورہ دینے والی ملکہ جیسا ہے -پہلی ترجیح عوام کو کورونا سے بچانا ہے ، باقی معاملات چلتے رہیں گے – خود کو احتساب کے لئے قانون کے سامنے پیش نہ کرنے والے دوسروں کو انصاف کا لیکچردے رہے ہیں- قانون کے کٹہرے میں خود کو آتا دیکھ کر سابق حکمران خوفزدہ ہو چکے ہیں -انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے قوم کو مضبوط ہیلتھ سسٹم نہ دے سکے۔ سابق حکمران اپنے دور میں تجربے اور ڈرامے رچاتے رہے -قوم کو اچھی تعلیم اور صحت کی ضرورت تھی اور یہ کرپشن کے میناراٹھاتے رہے- وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دی ، ماضی کے حکمران ایسی ایک بھی مثال پیش کر سکتے ہیں؟- دریں اثناءوزیر اعلی عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں پولیس وین تلے آکر سینٹری ورکر کی ہلاکت کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئےعاشق مسیح کو کچلنے والے پولیس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتارکر لیا گیاہے -ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سینٹری ورکر عاشق مسیح کے گھر پہنچ گئے اور اہل خانہ کو وزیر اعلی کی طرف سے گہرے رنج اور دکھ کا پیغام پہنچایا- عاشق مسیح کے لواحقین کو وزیر اعلی عثمان بزدار کی طرف سے امدادی چیک بھی دیا گیا -ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر قواعد و ضوابط کے مطابق عاشق مسیح کے بیٹے کو سرکاری نوکری بھی دی جائے گی – ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے بھی عاشق مسیح کے لواحقین کو مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا ہے اور شہداءکے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے – انہوں نے آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی جلدصحتیابی کے لئے دعا کی اور کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو جرات اور بہادری سے ناکام بنانے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے ننکانہ کے علاقے میں خواتین سمیت تین افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ننکانہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورقتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے – وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔





































