کورونا وائرس کا خوف ؛ یورپ میں 5-جی ٹاورز نذرِ آتش

لندن( و یب ڈ سک) پوری دنیا میں کورونا وائرس کے خوف کے باعث عجیب وغریب نظریات اور افواہیں پھیلائی جارہی ہے جس کے زیر اثر چند افراد نے برطانیہ اور کئی یورپی ممالک سے فائیو-جی ٹاورز کو جلادیا۔تازہ ترین واقعے میں ہالینڈ کے ایک شہر میں ایک شخص نے ایک ٹاور کو آتشگیر مادے سے بھسم کرنے کی کوشش کی۔ اس سے قبل گزشتہ کئی ہفتوں سے یورپ اور برطانیہ میں سیل فون ٹاوروں کو آگ لگانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔اس کے بعد ان تمام ممالک میں فائیو جی ٹاوروں کی نگرانی شروع کردی گئی ہے اور معاملات کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔ دوسری جانب خود کمپنیوں نے بھی ایک مہم کےذریعے اس تصور کو غلط ثابت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ اس پر برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے سربراہ اسٹیفن پووِس نے کہا ہے کہ وہ سخت رنج میں ہیں کیونکہ صحت کےلحاظ ایک ہنگامی صورتحال ہے اور اس میں انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔صرف برطانیہ میں کم سے کم 50 واقعات ایسے ہوئے ہیں جن میں ٹاوروں کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی ہے اور انہیں نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس سے وابستہ عملے پر 80 سے زائد حملے کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہالینڈ میں فائیو جی کے 16 عدد ٹاوروں کو آگ لگائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ آئرلینڈ، قبرص اور بیلجیئم میں بھی ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں۔بعض لوگوں کا یہ کہنا بھی ہے کہ فائیو جی ٹاور سے کینسر پھیل رہا ہے۔ اس کے علاوہ اب یورپ میں اسے سوشل میڈیا مہم کا درجہ حاصل ہوچکا ہے جس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس خود فائیو جی ٹاور کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔برطانیہ میں ایک تنظیم سینٹرفارلیکٹرواسموگ پرویوینشن کے سربراہ سوسن برنچمین کہتی ہیں کہ برقناطیسی شعاعوں سے آلودگی پھیل رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فائیوجی ٹاور کو تباہ کردینا چاہیے کیونکہ یہ بہت نقصاندہ ہیں۔دوسری جانب سویڈن میں سائی پروف نامی سائنسی تنظٰم کے سربراہ مارٹل سمکو نے کہا ہے کہ فائیو جی اور اس سے قبل کی پرانی ٹیکنالوجی سے امنیاتی نظام یا کسی بیماری کے کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں اور سازشی نظریات والوں کا واویلا جھوٹا ہے۔

شہباز شریف کی نیب کے سامنے پیش ہونے سے پھرمعذرت

اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نیب کی جانب سے کورونا کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کے باوجود ایک مرتبہ پھر پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاو¿نٹ سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس کے خطرات کے باعث نیب میں پیش نہیں ہورہے، کورونا کے باعث دقت کے باوجود پاکستان اور برطانیہ سے معلومات حاصل کرکے اور یادداشت کی بنیاد پر معلومات بمع دستاویزات فراہم کردی گئی ہیں، کوئی مزید معلومات بھی مانگی گئیں تو مہیا کردی جائیں گی۔ مزید سوالات پوچھنا چاہیں تو وڈیو کانفرنس کے ذریعے پوچھ سکتے ہیں، اس حوالے سے اسکائپ ایڈریس فراہم کردیا گیا ہے۔ ترجمان (ن) لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہبازشریف کینسر سرجری سے گزر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں قوت مدافعت کی کمی کے باعث خدانخواستہ کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں، شہبازشریف کی نیب کو درخواست کے ساتھ تمام ڈاکٹرز کے سرٹیفکیٹس بھی منسلک ہیں پہلے بھی درخواست کی تھی کہ موجودہ حالات میں شہباز شریف کی زندگی خطرے میں نہ ڈالی جائے۔ واضح رہے کہ نیب نے شہباز شریف کوآمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے تحریری جواب جمع کرادیا تھا اور وہ خود کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔ جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کو 22 اپریل کو پھر پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا۔

پاکستان میں جون تک کرونا وائرس بلند ترین سطح پر پہنچنے کا امکان ہے، وزیرخارجہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ابھی کورونا وائرس اس بلند ترین سطح پر نہیں پہنچا جو غالباً مئی کے آخر اور جون کے شروع میں متوقع ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمیں تیار رہنا چاہیے کہ ابھی کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو گا اور اموات کی شرح میں اضافہ بھی خارج از امکان نہیں، آج ہم ایک ایسی صورت حال سے دوچار ہیں جہاں ایک طرف ہمیں اس کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے اور دوسری طرف ہمیں غریب طبقے کو بھوک سے بچانا ہے ہمیں اس حوالے سے ہرحال میں توازن برقرار رکھنا ہوگا، پاکستان میں ابھی کورونا وائرس اس بلند ترین سطح پر نہیں پہنچا جو غالباً مئی کے آخر اور جون کے شروع میں متوقع ہے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے،ہم مستقل لاک ڈاؤن نہیں کرسکتے، ہمیں تمام عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب یا تبدیل کرتے رہنا ہوگا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے ہم وزارت اورسیز پاکستانیز، وزارت ہوا بازی سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں، اس وقت ہزاروں پاکستانی، وطن واپسی کے منتظر ہیں، ہمیں ان کی تکالیف کا مکمل احساس ہے اور انہیں وطن واپس لانا ہماری ذمہ داری ہے لیکن ہمیں اپنی استعداد کار کو بھی دیکھنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پہلے ہم 2000 پاکستانیوں کو ہر ہفتے وطن واپس لا رہے تھے اب زیادہ ایئرپورٹس کھلنے اور ہماری ٹسٹنگ کی استعداد بڑھنے کے سبب اب ہم 6000 سے زائد پاکستانیوں کو بیرونی ممالک سے واپس لاسکیں گے اور انہیں ٹسٹنگ اور کوارنٹائین کی سہولیات فراہم کر سکیں گے، اس وقت صورتحال غیر واضح ہے کیونکہ جیسے جیسے کرونا ٹیسٹنگ کی شرح بڑھے گی ویسے ویسے صورتحال واضح ہوتی چلی جائے گی، یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی شخص کورونا کیریئر ہو اور اس کو علامات ظاہر نہ ہوں اور وہ کورونا فری بھی ہو جائے، ہمیں لوگوں کو اس وبا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب بھی دینی ہے اور یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ بے جا خوف و ہراس نہ پھیلے۔

صوبہ پنجاب: سحری کے اوقات میں اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سحری کے وقت دودھ، دہی اور ایسی دیگر دکانیں کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ہوٹل اور ریسٹورنٹ سحری اور افطاری کے دوران بھی بند رہیں گے۔ عثمان بزدار کہتے ہیں کہ شٹر ڈاو¿ن کرکے کاروبار کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ تفصیل کے مطاب کابینہ کمیٹی برائے کورونا کا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران لاک ڈاو¿ن کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلے کئے گئے کہ سحری کے وقت دودھ، دہی اور ایسی دیگر دکانیں کھلی رکھی جائیں گی تاہم ہوٹل اور ریسٹورنٹ سحری اور افطاری کے دوران بھی بند رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نماز اور تراویح کی ادائیگی کے لئے 20 نکاتی اعلامیہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی انڈسٹریز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ٹیسٹ میں اضافے کیلئے مزید 4 لیب کے قیام کی منظوری دی اور کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیب بنائی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں رحیم یار خان اور گجرات میں نئی لیب بنیں گی۔ سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں 2 لیب کی اپ گریڈیشن جبکہ 3 نئی لیب تیار ہو چکی ہیں۔ صوبہ میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت 4500 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں اب تک 64 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور اب تک 216 علاقوں کا لاک ڈاو¿ن کیا گیا ہے۔ اجلاس کے شرکا کو سمارٹ لاک ڈاو¿ن کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ رمضان المبارک کے دوران انڈسٹریل یونٹس کو مرحلہ وار کھولنے بارے امور پر بھی غور جبکہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو حفاظتی سامان کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایم ایف سے ایک ارب 39 کروڑ ڈالر قرض کی رقم سٹیٹ بینک کو موصول

کراچی (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف سے 1 ارب 39 کروڑ ڈالر قرض کی رقم سٹیٹ بینک کو موصول ہوگئی۔ ماہرین کہتے ہیں کہ بین الاقوامی مالی معاونت سے روپے کی قدر کو بھی سہارا مل رہا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے 1 ارب 39 کروڑ ڈالر قرض کی قسط موصول ہو گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کی رقم آنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالر سے تجاوز کر جانے کی امید ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ درآمدات میں کمی اور غیر ملکی مالیاتی اداروں کی معاونت سے روپے کی قدر کو بھی سہارا مل رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ انٹر بینک میں 77 پیسے سستا ہوکر 160 روپے 36 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 2 روپے کمی سے 159 روپے 50 پیسے کی ہو گئی۔

کل 23 اپریل کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں، ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا: محکمہ موسمیات

کراچی (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند کل نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔ ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 80 فیصد علاقوں میں کل مطلع صاف ہوگا۔ صرف شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ بتایا گیاہے کہ کل غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔ واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے جو مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔ ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔ ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔ افق پر اس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔

الیکشن کمیشن: بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کا حکم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کا حکم دے دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ سے ترمیم شدہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ، یونین کونسلز اور تحصیلوں کی تعداد کا نوٹی فکیشن طلب کر لیا ہے۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی حکومتوں کی مدت اگست 2020ءمیں ختم ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے لئے دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔

چینی انکوائری کمیشن کی تحقیقات میں اہم موڑ، تحقیقاتی افسر ہی ملز مالکان کا مخبر نکلا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) شوگر انکوائری کمیشن میں شامل رکن سجاد باجوہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے پر معلومات لیک کرنے کا الزام تھا، ابتدائی تحقیقات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کا افسر ہی ملز مالکان کا مخبر نکلا، ابتدائی انکوائری میں الزام ثابت ہونے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر سجاد باجوہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر سجاد باجوہ، خسرو بختیار کی شوگر مل سے متعلق غلط معلومات دیتے رہے اور اس کے ذریعے انکوائری کمیشن کو گمراہ کرتے رہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے پر انکوائری کمیشن کی معلومات مخدوم خسرو بختیار کو بھی فراہم کرنے کا الزام ہے۔ دیگر افسران اور متعلقہ افسر کی معلومات میں فرق آنے پر ابتدائی انکوائری کی گئی۔ ایف آئی اے حکام کی جانب سے وزیر اعظم کو معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیشن میں شامل دیگر افسران کی مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔

پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون رکھے گی ، آرمی چیف

راولپنڈی (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا کے اقتصادی، صحت اور سماجی اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ پاک فوج قومی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں ڈی جی آپریشنز اینڈ پلاننگ میجر جنرل آصف محمود نے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی اور وبا کے اثرات پر قابو کیلئے سول انتظامیہ کیساتھ تعاون سے آگاہ کیا گیا جبکہ ٹیسٹ، ٹریس اور قرنطینہ کیلئے قومی حکمت عملی سے متعلق بتایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج تمام قومی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی سہولت کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔ آرمی چیف نے کورونا وبا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور کم وقت کے باوجود اس قومی ادارے کی کارکردگی بہترین رہی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سول، ملٹری مربوط روابط کیلئے این سی او سی کا کردار لائق تحسین ہے۔ تاہم وبا کے اقتصادی، صحت اور سماجی اثرات کا جائزہ ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قومی اداروں کیساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ رمضان المبارک کے اہم موقع پر بھی کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کے بہترین استعمال سے معاشی اور سماجی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ صحت کی مشکلات اور کورونا پھیلاو¿ کے رسک کا مسلسل جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ پاک فوج مشکل کی گھڑی خاص طور پررمضان المبارک میں عوام کو سہولت کے لیے کام کرتی رہے گی۔

اسلام آباد : ایک ہی گھر کے 7افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

اسلام آباد (ویب ڈیسک) اسلام آباد میں ایک ہی گھر کے 7افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق گھر کے سربراہ مدرسے میں خطیب تھے قائم علی شاہ کے والد کی تین دن قبل ہی کورونا وائرس کے باعث موت ہوئی تھی۔ جس کے بعد مدرسے میں خطیب کے گھر والوں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کے مطابق مسجد اور مدرسے کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ بتا گیا ہے کہ گھر کے کسی افراد کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کو گھر کے اندر ہی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ جس کے باعث ان سے متاثر ہونے والے دیگر افراد کی ٹریسنگ جاری ہے۔ واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 195ہو گئی ہے۔ جبکہ 212افراد زندگی کی بازی ہا رچکے ہیں۔دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 77 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، امریکہ اور یورپی ممالک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ہیں، یورپ میں ایک لاکھ سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں جبکہ امریکہ میں مصدقہ متاثرین کی تعداد آٹھ لاکھ 10 ہزار سے زیادہ ہے۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 25لاکھ77 ہزار 57 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 44623ہوگئی ہے۔ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 24648 جبکہ سپین میں اب تک 21282افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ فرانس میں اب تک اس وباءسے 20796اور برطانیہ میں 17337افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اٹلی، سپین، برطانیہ اور فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں کسی حد تک کمی آرہی ہے جبکہ بعض یورپی ممالک میں نئے متاثرین کی تعداد میں کمی ہورہی ہے جس کے پیش نظر متعدد یورپی ممالک لاک ڈاو¿ن میں نرمی کررہے ہیں جن میں ڈنمارک سرفہرست ہے۔ اٹلی، سپین اور فرانس میں بھی اموات 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔ تاہم اب امریکی سینٹر فار ڈیزی کنٹرول کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سردیوں میں زیادہ شدت کے ساتھ حملہ کر سکتا ہے۔