بورے والا میں سنگدل اہلخانہ نے تیرہ سالہ ملازمہ کو قتل کردیا

لا ہو ر ( و یب ڈ سک) پنجاب کے شہر بورے والا میں سنگدل اہلخانہ نے تیرہ سالہ گھریلو ملازمہ کو تشدد کرکے قتل کردیا۔نواحی گاوں 517 ای بی میں مقتولہ صابرہ کے والد جہانگیر نے ملزم فدا حسین سے تین سال پہلے مبلغ ساٹھ ہزار روپے سود پر لیے مگر واپسی نہ کر سکا، فدا حسین نے قرض بمعہ سود واپسی کے لیے تنگ کیا تو غریب محنت کش نے اپنی لخت جگر 12سالہ صابرہ کو بطور گھریلو ملازمہ ان کے حوالہ کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم فدا حسین کے گھر والے اکثر ملازمہ پر تشدد کرتے تھے، فدا حسین کے گھر والوں نے گزشتہ شب صابرہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور نیم مردہ حالت میں گھر کے صحن میں پھینک دیا، مقتولہ تشدد برداشت نہ کرتے ہوئے جان بحق ہو گئی۔واقعے کا علم ہونے پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈبل سواری پر پا بند ی ہسپتال جانے والے باپ کو روک لیا گیا، نومولود جاں بحق

وزیرآباد(و یب ڈ سک) تھانہ سٹی پولیس کے ظالمانہ رویے کے باعث نو مولودزندگی کی بازی ہار گیا۔محلہ محمد نگر کا رہائشی ساغر علی تین گھنٹے کے نومولود بچے کی طبیعت خراب ہونے پر بھائی کیساتھ ہسپتال روانہ ہوا جسے اوررہیڈ برج کے قریب پولیس اہلکاروں نے ڈبل سواری پر روک لیا، ساغر نے اپنی مجبوری سے آگاہ کیا لیکن پولیس اہلکاروں نے کہا کہ ہم خود ڈاکٹر ہیں اور انہیں زبردستی پولیس وین میں ڈال کرپورے شہر کا چکر لگوا یا اورتھانہ سٹی لیجا کر نومولود بچے سمیت حوالات میں بند کر دیا۔ساغر نے منت سماجت کی مگر پولیس ملازمین مذاق اڑاتے رہے، ساغر علی نے اپنے گھر فون کر کے اپنی بیوی اور دوسرے بھائی کو بلایا اور وہ بچے کو ہسپتال لے کر پہنچے تو ڈاکٹر نے بتایا کہ بر وقت آکسیجن نہ ملنے سے بچہ جاں بحق ہو چکا ہے جس پر گھر میں گہرام مچ گیا تھانہ سٹی میں لوگوں کے احتجاج پر ساغر علی کو شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اقدام میں ملوث پولیس ملازمین کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒ کا یوم وفات آج منایا جا رہا ہے

لاہور / سرگودھا(و یب ڈ سک) مفکر پاکستان شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کا 82 واں یوم وفات آج (منگل) ملی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کا 82 واں یوم وفات آج ملی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ان کی روح کے ایصالِ ثواب کیلیے مساجد اور گھروں میں قرآن خوانی ہو گی، البتہ لاک ڈاون کی وجہ سے تقریبات نہ ہو سکیں گی۔واضح رہے کہ علامہ محمد اقبال ؒ 21 اپریل 1938 کو وفات پا گئے تھے جب کہ تحریک پاکستان اور مسلمانوں کیلیے ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔

ٹرمپ کا کورونا وائرس کے باعث امیگریشن پر پابندی کا اعلان

واشنگٹن(و یب ڈ سک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث ہر طرح کی امیگریشن پر عارضی پابندی لگانے کا اعلان کردیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ امریکی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے باعث یہ پابندی لگارہے ہیں۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ نادیدہ دشمن کے حملے کے باعث اور امریکی شہریوں کے روزگار کو بچانے کےلیے میں امریکا میں امیگریشن پرعارضی پابندی عائد کرنے کے حکم نامے پر دستخط کرنے لگا ہوں۔امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 42 ہزار 518 ہوگئی ہے جبکہ 7 لاکھ 93 ہزار افراد متاثر ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے نتیجے میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ افراد بے روزگار ہو چکے ہیں اور اب وہاں لاک ڈاون کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہورہے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 24 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ دنیا میں سب سے زیادہ اموات امریکا میں ہوئی ہیں۔

سعودی عرب میں پہلا روزہ 24 اپریل کو ہونے کا امکان

ریاض(و یب ڈ سک) سربراہ ادارہ فلکیات شرف سفیانی نے کہاہے کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ جمعہ 24 اپریل کو ہونے کا قوی امکان ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شرف سفیانی نے کہاکہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند جمعرات کی شام نظر آنے کا قوی امکان ہے اس لیے پہلا روزہ جمعہ 24 اپریل کو ہونے کی امید ہے۔حرمین جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں رمضان سے متعلق منصوبے، تمام انتظامات اور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر میں خاتون صحافی ریاست مخالف سرگرمیوں کے الزام میں گرفتار

سری نگر(و یب ڈ سک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں پولیس نے خاتون صحافی مسرت زہرا کو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری نگر کی رہائشی فوٹو جرنلسٹ 26 سالہ مسرت زہرا پر فیس بک پر نوجوانوں کو ریاست مخالف جرائم کے لیے اکسانے کا مواد پوسٹ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق انھیں مستند ذرائع سے خبر ملی تھی مسرت زہرا فیس بک پر مجرمانہ انداز میں ریاست مخالف پوسٹس کررہی ہیں۔مسرت زہرا نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ گزشتہ برسوں کے دوران شائع ہونے والے کام کو فیس بک پر دوبارہ پوسٹ کرنے پر درج کیا گیا۔

سورج کی تپش کورونا کو جلد تباہ کرسکتی ہے، امریکی ماہرین

واشنگٹن(و یب ڈ سک) امریکی ماہرین کے مطابق سورج کی تپش کورونا وائرس کو جلد تباہ کرسکتی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کی سرکاری لیبارٹری کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ سورج کی تپش کے ساتھ ہی کورونا وائرس کا خاتمہ ہو سکے گا۔دوسری جانب امریکی محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی غیر مطبوعہ معلومات پر بات نہیں کر سکتے۔ جس سے لوگ غلط اور غیر حقیقی نقطہ نظر قائم کریں، ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں بھی کورونا وائرس کے خاتمے کا امکان نہیں۔واضح رہے کہ اس وقت امریکا کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

شمالی وزیرستان،چیک پوسٹ پر حملہ1جوان شہید،3زخمی،5دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی /شمالی وزیرستان (این این آئی) سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید اور تین سپاہی زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے شہر میران شاہ سے 10 کلو میٹر مغرب میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ، جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک سپاہی حوالدار اکبر حسین خان شہید اور 3 سپاہی زخمی ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید حوالدار اکبر حسین خان کا تعلق تحصیل دیر کوٹ ضلع باغ آزاد کشمیر سے ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کرکے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

ملک بھر میں لا ک ڈ اﺅن کا پول چینل ۵ نے کھول دیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان بھر میں عوام نے لاک ڈاون کی دھجیاں اڑا دیں۔ رات کے پچھلے پہر سڑکوں پر ناکے صرف نام کے نظر آرہے ہیں اور کوئی پولیس اہلکار وہاں موجود نہیں ہوتا۔ نہ کسی آنیوالے سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ کہاں سے آرہا ہے اور نہ کسی جانے والے سے پوچھ گچھ ہوتی ہے۔ اسکے باوجود حکومت کی جانب سے لاک ڈاون کا راگ الاپا جارہا ہے۔ کراچی ، ملتان اور قصورمیں لاک ڈاون کا پول چینل فائیو نے کھول دیا ۔ کراچی سے نمائندہ چینل فائیو کا کہناتھا کہ سبزی منڈی کراچی میں پولیس کی جانب سے سخت ناکہ لگایا گیا جہاں پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکار بڑی تعداد میں موجود ہیں لیکن شہریوں کو نہیں روکا جارہا ۔ شہری بڑی تعداد میں شاہراہوں پر موجود ہیںاور ٹریفک رواں دواں ہے۔ سندھ حکومت کی کوششیں صرف باتیں ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ گھر کیسے بیٹھیں انہیں کرائے دینے ہیں اور خاندان کی کفالت کرنی ہے۔ سندھ حکومت کا کفالت پروگرام بھی ناکام ہو چکا ہے۔ قصور سے تازہ ترین صورتحال کے مطابق قصور میں دفعہ144 کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج کے جوان تمام چوکوں پر موجود ہیں اور بغیر ماسک جانے والے لوگوں کو روک کر ہدایات دی جارہی ہیں۔ ڈبل سواری کرنے والوں کو موقع پر سزائیں بھی دی جارہی ہیں۔ پولیس اور فوج کے جوان ناکوں پر سب آنے والوں کو چیک کیا جارہا ہے۔ ملتان میں بھی لاک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے چوکوں اور چوراہوں میں ناکے لگائے گئے ہیں ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہے۔ ٹریفک اہلکاروں کے مطابق ستر فیصد لوگ قانون کی پاسداری کر رہے ہیں۔ پاسداری نہ کرنے والوں کی موٹر سائیکلیں بند کی جارہی ہیں۔ کوشش ہے کہ موذی مرض کے خاتمے تک ڈبل سواری پر پابندی لازمی کروائیں گے۔

متعلقہ حکام ڈلیوری کمپنیوں کیخلاف فوری ایکشن لیں،راجہ بشارت

لاہور (لیڈی رپورٹر) خبریں میں فوڈ پانڈا کیخلاف خبریں چھپنے کے بعد مختلف سیاسی شخصیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون راجہ بشارت نے چینل۵ و خبریں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈلیوری والے جن لوگوں کو اجازت دی ہے باقاعدہ ان کو ایس او پیز بھی دیئے گئے ہیں اور ان کمپنیوں کو باقاعدہ ان میں بتایا گیا ہے کہ حفاظتی کٹس اور ماسک کے علاوہ جو ہدایات دی گئی ہیں ان پر عمل کریں اگر FOOD PANDA اپنی من مانی کررہا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر ایکشن لے کر اس کمپنی کیخلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ ترجمان پنجاب حکومت اورتحریک انصاف کی ایم پی اے سعدیہ سہیل نے کہا میرے خیال میں ان حالات میں کمپرومائز نہیں کرنا چاہئے۔ یہ ایک مجرمانہ غفلت ہے اس وقت ایس پی اوز کو FOLLOW نہ کرنے کی وجہ سے ہم کئی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ عوام کو بھی چاہئے ایسے موقع پر فوڈ پانڈا استعمال کرنے کے بجائے گھر کا کھانا بنا کر کھائیں۔ تحریک انصاف ہی کی ایم پی اے آسیہ امجد نے کہا کہ اسلام آباد میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جارہا ہے اور اگر لاہور میں ایسا ہے تو بہت غلط ہے جو ڈلیوری منگوا رہے ہیں ان کو بھی منع کرنا چاہئے کہ ہمارے گھر ایسے کھانا لے کر نہ آئیں۔ جو اس وقت ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ان پر سخت ایکشن لینا چاہئے اور اگر کہیں گڑ بڑ ہے تو فوراً اس کو وہیں روک دیں۔ورنہ یہ بہت سی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دے گا۔ وزیر توانائی ملک اختر نے کہا کہ ان لوگوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے ان کی تھوڑی سی لاپروائی سے یہ وباءمزید پھیل سکتی ہے۔ beaing پارٹ آف گورنمنٹ سے ایس او پیز کا خیال رکھیں آج ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے عمل کرنا چاہئے۔ اٹلی‘سپین‘ برطانیہ جیسے ملک اس سے گزر رہے ہیں۔ کہیں ہم بھی اپنے آپ کو اس مشکل میں نہ ڈال لیں۔اگر کہیں سے شکایت آتی ہے تو CM کے POTAL پر کمپلینٹ درج کروائیں اور 24 گھنٹوں کے اندر اس کا جواب آئے گا اور اس پر فوراً عملدرآمد کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کی ایم پی اے نیلم حیات نے کہا کہ فوڈ پانڈا کے کچن بھی چیک کرنے چاہئیں۔ اگر یہ کھانا دے رہے ہیں تو ان کو ایس او پیز کے مطابق عمل کروانا چاہئے اور یہ لوگ اگر گھروں میں ایسے ڈلیوری کررہے ہیں تو حکومت کو اس پر ضرور ایکشن لینا چاہئے۔