کرا چی (ویب ڈیسک)سابق معروف اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ نے گزشتہ برس نومبر میں شوبز کو خیرباد کہہ کر اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا۔رابی پیرزادہ نے یہ اعلان اس وقت کیا تھا جب کہ ستمبر 2019 کے آخر میں ان کی نامناسب ویڈیوز لیک ہوئی تھیں۔رابی پیرزادہ نے لیک ہونے والی نازیبا ویڈیوز پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے بھی رجوع کیا تھا، تاہم تاحال ان کی ویڈیوز لیک کرنے کے حوالے سے کوئی تفتیش سامنے نہیں آ سکی۔شوبز کو خیرباد کہنے کے بعد رابی نے جنوری 2020 میں اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا آغاز کرتے ہوئے مذہبی تعلیم لینے کی ویڈیوز شیئر کرنا شروع کردی تھی اور ساتھ ہی وہ اپنی خطاطی کی تصاویر بھی شیئر کرتی دکھائی دیں۔رابی پیرزادہ بعد ازاں حمد و نعت بھی پڑھتی دکھائی دیں اور وہ ہر بار ‘چھوٹی سی بات’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کرتی رہیں۔