تازہ تر ین

سعودی بھائیوں کی محبت : جئے بھی ساتھ اور مرے بھی ساتھ

جدہ :(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں دو بھائیوں کی ایک ساتھ موت کی خبر وائرل ہو گئی، سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک بھائی کی وفات کی خبر سُن کر دوسرا بھائی بھی چند گھنٹوں بعد ہی چل بسا۔اپنے آخری میں اولاد سے گفتگو کرتے ہوئے اس کا کہنا تھا کہ تم لوگوں کا چچا سعید چل بسا اور میں اس کے پیچھے جا رہا ہوں، یہ وہ الفاظ تھے جن کے ساتھ سعودی عمر رسیدہ شہری محمد آل مداوی نے اپنے اہل خانہ کو الوداع کہتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہونے کے لیے رختِ سفر باندھا۔اس سے قبل جمعرات کے روز محمد کے چھوٹے بھائی سعید کی وفات ہو چکی تھی، محمد آل مداوی کے بیٹے مفرح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والد کا اپنے بھائی کے ساتھ نہایت قریبی تعلق تھا۔ ان دونوں نے ابہا شہر میں اپنے والد کی موت کے بعد المناک بچپن گزارا۔وہ دونوں اپنی والدہ کے ساتھ رجال المع شہر منتقل ہو گئے۔ یہاں ان کی والدہ بھی ان دونوں کو بچپن کے زمانے میں داغ مفارقت دے گئیں۔اس کے بعد سے دونوں بھائی پوری زندگی ہر معاملے میں پڑوسی بن کر رہے ۔مفرح نے مزید بتایا کہ “میرے والد اور چچا دونوں نے یتیمی کی زندگی گزاری۔ ان دونوں کے درمیان نہایت مضبوط اور گہرا تعلق رہا۔یہاں تک کہ وہ کام کے سلسلے میں شہروں کے درمیان سفر میں بھی وہ اکٹھا ہوتے تھے، مفرح کے مطابق جمعرات کی صبح چچا سعید فوت ہو گئے۔ ہم نے اپنے والد کو تدفین سے چند لمحوں قبل اس کی خبر دی کیوں کہ ہمیں ان کو شدید صدمہ ہونے کا اندیشہ تھا۔تاہم انہوں نے تو خود شدید رنجیدگی کے ساتھ ہمیں اس بات سے آگاہ کیا کہ وہ اپنے بھائی کے پاس جا رہے ہیں اور اگلی صبح جمعے کے روز میرے والد بھی اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔انہیں اپنے بھائی کے پہلو میں دفن کیا گیا ۔مفرح نے بتایا کہ ان کے چچا سعید دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔ وہ عسیر سینٹری ہسپتال میں داخل تھے جہاں وہ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد چل بسےتاہم مفرح کے والد کو کوئی دیرینہ مرض لاحق نہیں تھا۔ البتہ بھائی کو دفنانے کے بعد قبرستان سے واپس آ کر محمد آل مداوی کو اپنے بھائی کو کھو دینے کا شدید رنج تھا۔مفرح کے مطابق گھر کی دو اعلی ترین شخصیات سے محروم ہونے کے بعد ہمارا خاندان صبر اور ایمان کے ساتھ اللہ تعالی کے فیصلے پر راضی ہے۔ ان دونوں افراد نے اپنی زندگی بھرپور باہمی محبت، سچائی اور وفاداری کے ساتھ بسر کی کہ بھائیوں کی محبت میں ان کی مثال پیش کی جا سکتی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain