راولپنڈ ی : ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں وطن عزیز کا دفاع کرنے والے قومی ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 55 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ قوم میجرعزیزبھٹی شہیدکی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ میجرعزیزبھٹی شہیدنے 1965کی جنگ میں انمول کارنامہ انجام دیا، میجرعزیزبھٹی شہیدکی شاندارقیادت اورجرات ملکی دفاع کی روشن مثال ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی کی بہادری سکھاتی ہے کہ ہر قیمت پر ملکی دفاع کرنا ہے ، ہمارے شہید ہمارے ہیروہیں ۔
میجر راجہ عزیز بھٹی شہید 6 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان گجرات میں رہائش پذیر ہوا۔ میجر عزیز بھٹی نے بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور 1956ء میں میجر بن گئے ۔ستمبر 1965 ء میں جب دشمن نے پاک سرزمین پرحملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی شہید کو برکی سیکٹر پر دشمن کی پیش قدمی روکنے کا حکم ملا، قوم کے اس بہادر سپوت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اورکمال بہادری اور عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو ایک قدم آگے نہ بڑھنے دیا۔
جنگ میں جب دشمن پاک فوج پر بھاری گولہ باری کر رہا تھاتو میجر عزیز بھٹی نے مورچے سے باہر نکل کر اپنے سپاہیوں کو ہدایات دیں، اسی دوران توپ کا ایک گولہ میجر عزیز بھٹی کو لگا اور یوں وہ مادر وطن کے دفاع میں شہادت کے درجے پر فائز ہوئے ۔ دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے اور ملکی دفاع کیلئے بے مثال قربانی اور شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے راجہ عزیز بھٹی شہید کو پاکستان سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔