اسلام آبا(ویب ڈیسک)د : وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا ویژن ہے کہ فوج اور عدلیہ ان کے ساتھ نہیں تو وہ برے ہیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف شفاف انتخابات کے عادی نہیں ہیں ، نوازشریف نے انتخابی عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش کی ،چیزوں کو جان بوجھ کر متنازع بنانے سے اپوزیشن پاکستان کی خدمت نہیں کررہی ۔ نوازشریف نے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیا، نوازشریف تین بار جن الیکشن میں وزیراعظم بنے وہ شفاف تھے اورباقی سب دھاندلی زدہ ؟ اگر ان کے حق میں فیصلہ نہ ہو تو الیکشن کو متنازع بنانا اپوزیشن کا وطیرہ ہے ۔جو الیکشن ریفارمز ہوئیں وہ ان کے اپنے دور حکومت میں ہوئیں ۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر کو چلنے دیا جائے ، مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر ہم نے نہیں روکی بلکہ پیپلز پارٹی نے ان کی تقریر لائیو نہیں چلنے دی ۔
پریس کانفرنس میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ نوازشریف فواد چوہدری سے کم صحت مند نہیں لگ رہے تھے ، وزیراعظم نے پہلی تقریر میں کہا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست اورکرپشن کی جائیدادیں خطرے میں ہیں ، عمران خان نے کہا تھا کہ سیاسی کرپٹ لوگ اکٹھے ہوجائیں گے ، پہلے یہ لوگ ایک دوسرے کو الٹا لٹکانے ، گھسیٹنے اورکیا کچھ نہیں کہتے تھے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا نے نوازشریف کی تقریر کو سیاست میں واپسی قرار دیا ۔بھارتی میڈیا نے نوازشریف کے فوج کے خلاف جملوں کو نمایاں کیا ۔نوازشریف کی سیاست میں واپسی اداروں پر حملے کر کے ہوئی یہ بھارت کا بیانیہ ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے دھرنا دیا ،دھرنے میں دو فی صد پاکستانی بھی نہیں تھے ، کورونا میں شہبا ز شریف بھاگے بھاگے آئے کہ اب حکومت گئی ، یہ شدید معاشی بحران چھوڑ کر گئے کہ شاید اب حکومت اسی میں دفن ہوجائے گی ، یہ لوگ کورونا پالیسی پر تنقید کرتے تھے لیکن کیا کسی نے کل اے پی سی میں کورونا پر کوئی بات کی ۔ پاکستان کو بلیک لسٹ سے بچانے کیلئے فیٹف قوانین کی ان لوگوں نے مخالفت کی ، اپوزیشن نے 34 شرائط رکھ دیں کہ نیب قوانیم میں یہ ترامیم کی جائیں ۔یہ قانون سازی کی آڑ میں این آر اوچاہتے تھے لیکن کامیاب نہ ہوئے ۔اسدعمر نے کہا کہ فوج اور سول حکومت مل کر کام کر رہی ہے ۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ کل ان کی ابو بچاؤ کانفرنس تھی ، اپوزیشن کا ویژن ہے کہ فوج اور عدلیہ ان کے ساتھ نہیں تو وہ برے ہیں ۔ہمیں معلوم تھا کہ نوازشریف واپس نہیں آئیں گے۔