پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اس قوم کی امید ہے اس کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولا بخش چانڈیو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل آل پارٹیز کانفرنس تھی آج میرے محبوب قائد کی سالگرہ ہے، اپنے قائد بی بی کے بیٹے بلاول بھٹو کو سالگرہ کی مبارکباد دیتا ہوں۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں ہم نے عوام کو دھوکہ نہیں دیا یہی وجہ ہے عوام کو پی پی پی پر اعتماد ہے۔
مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہا کہ کہتے تھے اے پی سی نہیں ہوگی سب کے سب جمع ہوگئے، نئے سیاسی اتحاد میں سب ایک ہوگئے اب سیاسی جدوجہد ہوگی۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حکومت میں مزاحیہ اداکاروں کا کوٹہ ہے، وزیراعظم سے ہر پروگرام میں کہتا ہوں کہ حکومتوں میں ایسے لوگ ہوتے ہیں جو مسائل پیدا کرتے ہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور میں میرا دوست ہے درویش ہے وہ بھی اسی کام پر لگا ہوا ہے، وہ عمران خان کے مخالفین کو اکسانا چاہتے ہیں ہم آپ جیسی زبان استعمال نہیں کرتے۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی کل شکست ہوچکی سب نے ملکر اسلام آباد میں اتحاد کرلیا ، ہماری سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی جبکہ اسمبلیوں میں تحریک رہی ہے اور اب سڑکوں پر بھی شروع ہوجائے گی۔