ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے دارالحکومت پشاور میں موجود بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کمار کے آباؤ اجداد کے گھروں کو سرکاری تحویل میں لے کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی گئی۔
ڈاکٹرعبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔
محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں مذکورہ دونوں گھروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے بتایا کہ دلیپ کمار اور راج کمار کے آبائی گھروں کے حالیہ مالکان کی جانب سے توڑ پھوڑ شروع کیے جانے کے بعد کارروائی کرکے 10 افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے اور دونوں گھروں کو خریدنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔
ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔