اسلام آباد: این سی او سی نے کراچی میں کورونا کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کر دیا۔ ہیلتھ پروٹوکول پرعمل ناگزیر قرار دے دیا گیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، ملک میں 747 کیسز میں 365 صرف کراچی میں ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کورونا وبا کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کیا جائے، کورونا پر متاثرین تک رسائی، ہیلتھ پروٹوکول پر عمل ناگزیر ہے جبکہ سندھ ہیلتھ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ شہری انتظامیہ صورتحال مانیٹر کر رہی ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 479 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 234، سندھ میں 2 ہزار 497، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 259، اسلام آباد میں 182، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 88 اور آزاد کشمیر میں 74 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔