انقرہ (ویب ڈیسک )ترکی نے روس سے حاصل کردہ ایس 400فضائی دفاعی نظام کے تحت ایک دیسی ساختہ میزائل کا تجربہ کر کے امریکہ کے ساتھ ایک نیا محاذ کھول دیا ہے ،ترک فوج نے بحر اسود کی فضا میں ایک میزائل داغا ،تجربے کی ویڈیو ساحلی شہرسینوب میں بنائی گئی۔اس سے قبل لیبیا میں فوجی مداخلت، مشرقی بحیرہ روم میں قدرتی وسائل کی تلاش کی وجہ سے پڑوسی اور یورپی ممالک کے ساتھ تنازعات اور آرمینیا اور آذر بائیجان کے درمیان جاری لڑائی میں کاراباخ میں جنگجو بھیجنے پر ترکی سخت تنقید کا نشانہ بنا ہوا ہے ۔عرب ٹی وی کے مطابق ترک وزارت دفاع نے بحر اسود کی فضا میں ایک میزائل داغا۔ میزائل داغے جانے کے بعد اس کے نتیجے میں اٹھنے والا دھواں عمودی ہالت میں دیکھا جاسکتا ہے ۔حالیہ ایام میں ترکی نے ساحلی علاقے میں جہاز رانی اور فضائی آمد ورفت کے حوالے سے ایک الرٹ جاری کیا تھا۔روس سے حاصل کردہ ایس400 دفاعی نظام پر ترکی اور امریکہ کے درمیان سخت کشیدگی رہی ہے ۔ امریکہ کا کہناتھاکہ نیٹو کے کسی رکن ملک کا روس سے جدید ترین اسلحہ خرید کرنا نیٹو کے رکن ممالک کیلئے خطرہ ہے ۔