لاہور(ویب ڈیسک): مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہےکہ جو بات کی اس حکومت سے متعلق کی اور ٹھیک کی اس لیے اتنا نہ اکسایا جائے کہ کوئی اور ایسی بات ہو جائے۔
ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دو بار الیکشن ہارے، وہ ذاتیات پر اترآئے ہیں، ہندوستان کا جھنڈا اور مودی کی تصویر لگانے کا کوئی جواز نہیں بنتا، یہ افسوسناک بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس حکومت اور وزرا کے بارے میں جو بات کہنا تھی کہہ دی اور وضاحت بھی کردی، اب مجھے وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے، میں نے 2002 سے کبھی ایسی بات نہیں کی۔
ایاز صادق کا کہنا تھاکہ اگر آپ کو روز یہ کہا جائے کہ مودی کی روح آپ میں آگئی ہے، آپ ہندوستان کے ہیں اور غدار ہیں تو کیا آپ کا دل نہیں دکھے گا، کیا آپ کبھی جذبات میں آکر کوئی ایسی بات نہیں کریں گے، میں نے جو بات کی اس حکومت سے متعلق کی اور ٹھیک کی۔
سابق اسپیکر نےمزید کہا کہ سیاسی ایشو کو سیاسی رہنا چاہیے اور ہم وہ بات کریں جو قومی مفاد کی ہو، اتنا نہ اکساؤ کہ کوئی اور ایسی بات ہوجائے، اس لیے اسے یہیں چھوڑ دینا چاہیے۔