مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اس کی قسمت میں عوام کی خدمت کرنا نہیں لکھا۔
گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘میں گوپس نہیں آئی اپنے بھائیوں کے گھر آئی ہوں، اگر گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو گوپس کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ اجتماع بتارہا ہے گلگت بلتستان میں شیر آئے گا، آپ لوگ بہت مشکل اور دشوار گزار راستوں سے آئے ہو گوپس کے فنڈز ریلیز ہوچکے ہیں لیکن جعلی حکومت اسے روک کر بیٹھی ہے‘۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان میں سابقہ دور حکومت کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ’ہمارے وزیر اعلیٰ نے گلگت بلتستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، یہاں سیاحت کو فروغ اس لیے ملی کیونکہ مسلم لیگ (ن) یہاں امن لے کر آئی‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دیامر اور بھاشا ڈیم پر نواز شریف نے جتنا کام کیا وہ آج تک کسی حکمران نے نہیں کیا تاہم اب معلوم ہوا ہے کہ وہاں کے عوام کو اس کا معاوضہ صحیح نہیں دیا جارہا اور نوکریوں میں بھی ان کا حق نہیں دیا جارہا، میں اس کے خلاف آواز اٹھاؤں گا‘۔
انہوں نے جلسے میں موجود شاہد خاقان عباسی اور دیگر پارلیمانی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے حقوق کے لیے سینیٹ اور پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں۔
مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی، بے روز گاری سمیت عوام کے تمام مسائل کا حل صرف نواز شریف ہے۔