تازہ تر ین

گرین لائن منصوبہ: 3ارب روپے سے 80 بسیں خریدنے کا فیصلہ

کراچی میں گرین لائن منصوبہ شروع کرنے کیلئے 3 ارب روپے سے 80 میٹرو بسیں خریدنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وفاقی حکومت کے ذیلی ادارے سندھ انفرا اسٹرکچر ڈيولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظوری دیدی۔

کراچی میں سال 2016ء ميں شروع ہونیوالا گرين لائن منصوبہ مکمل کرنے کی تاریخ بار بار تبدیل کی گئی، یہ منصوبہ نواز شريف حکومت نے 25 ارب روپے کی لاگت سے شروع کيا تھا۔

گرين لائن منصوبے کا روٹ 18.4 کلو ميٹر طويل تھا جسے بڑھا کر 21 کلو میٹر کردیا گیا تھا، اس منصوبے ميں 2 بار تبديلياں کی گئيں، گرين لائن وفاقی اور سندھ حکومت کی شراکت سے بننا تھا، پراجيکٹ کیلئے بسيں سندھ حکومت کو فراہم کرنی تھیں۔

اب وفاقی حکومت کی سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بسوں کی خریداری کی منظوری دیدی، منصوبے کیلئے تین ارب روپے کی لاگت سے 80 میٹرو بسیں خریدی جائیں گی۔

سماء ٹی وی کے مطابق گرین لائن کیلئے بسیں 7 ماہ بعد پاکستان پہنچنا شروع ہوں گی جس کیلئے بسیں بنانے والی 10 بہترین کمپنیوں کو ٹینڈر ایوارڈ کیا جارہا ہے۔

گرین لائن منصوبہ 2017ء میں مکمل ہونا تھا تاہم نواز شریف حکومت میں یہ مکمل نہ ہوسکا، 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وفاق نے کئی بار اس منصوبہ کی تاریخ تبدیل کی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مئی 2019ء میں اعلان کیا تھا کہ اسی سال گرین لائن منصوبے کا افتتاح کردیا جائے تاہم وہ تاریخ بھ گزرے ایک سال سے زائد ہوچکا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کو جولائی 2020ء میں ایک بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ کراچی گرین لائن منصوبہ اگلے سال مارچ سے جون کے درمیان عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی میں گرین لائن منصوبہ 2021  تک بھی مکمل نہیں ہوسکتا، سندھ حکومت نے وفاق کو منصوبہ مکمل کرنے کیلئے مدد کی پیشکش کی تھی تاہم وہ مدد نہیں لینا چاہتا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain