لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا ء اللہ کا کہنا ہے کہ لاہور میں جلسہ ہر صورت ہوگا ، تصادم کی صورت میں ذمہ دار وزیراعظم عمران خان ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہورمیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی صوبائی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تمام پی ڈی ایم جماعتیں جلسےکیلئے تیارہیں، لاہورکاجلسہ ہر صورت ہوگا، پی ڈی ایم نے ملتان میں جلسہ کرکےدکھایا ،13 دسمبر کا جلسہ بھی ضرور ہوگا جس میں ملک بھر سے لوگ آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹنگ کے بغیر انتظامات بہتر نہیں ہوسکتے،وزیراعظم ایک طرف کہتے ہیں کہ لائٹنگ،اسٹیج اور کرسیاں نہیں لگانےدیں گے جبکہ دوسری طرف کہتے ہیں جلسہ کرنےسے نہیں روکیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ تابعداری کی سیاست نہیں چلےگی، عوام کی بات ہوگی۔ پورے پنجاب اور پاکستان سے لوگ موجود ہوں گے، ملک میں 70 سال سے جاری تابعداری کرانے کا عمل اب مزید نہیں چلے گا، 13 دسمبر کو پر امن طریقے سے عوام کو رائے کے اظہار کا موقع دیا جائے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی رہنما قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آج کے اجلاس کا ون پوائنٹ ایجنڈہ 13 دسمبر کے جلسے کی تیاریاں تھا اور پی ڈی ایم پنجاب کی کمیٹیاں بنائی ہیں۔ وزیراعظم کہتے ہیں جلسہ نہیں روکیں گے لیکن کرسیوں اور لاؤڈ سپیکر، خوانچہ فروشوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ڈی سی لاہورکہتے ہیں جلسے کی اجازت نہیں ، خاں صاحب کو پتہ نہیں کہ ایسی دھمکیوں سے جلسے نہیں رکتے ۔ استعفوں کے بیان پر قائم ہیں، جب پی ڈی ایم رہنما مناسب سمجھیں گے استعفیٰ دیں گے۔
قمرزمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ان سے تنگ ہیں اور یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔ الیکشن کے نتیجے میں یہ ایک فاشسٹ حکومت ہے ، گالی گلوچ کا جو کلچر دیا جمہوری سیاست میں نہیں تھا، ہم حکومتی ہتھکنڈوں کا مقابلہ کریں گے۔
جے یو آئی (ف ) کے رہنما مولانا صفی اللہ نے کہا کہ 13 دسمبر کو عوام کی طاقت بتائے گی کہ یہ حکومت زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ۔





































