لاہور : معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم لاہور میں سیاسی آلودگی پھیلا رہی ہے۔سیاسی آلودگی پھیلانے والے سن لیں آپ کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہر روز کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، سٹیٹ کی رٹ کو مقدم بنایا جائے گا، جو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے گا انہیں سزا ملے گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایس او پیز پر لازمی عمل درآمد کرنا چاہیے، پنجاب میں کورونا کنٹرول روم قائم کریں گے، بے روز گار سیاست دانوں کی فوج عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، لندن بھاگے ہوئے سیاست دان اور مولانا فضل الرحمان لوگوں کی زندگیاں تباہ کررہے ہیں، پی ڈی ایم لاہور میں سیاسی آلودگی پھیلا رہی ہے،سیاسی آلودگی پھیلانے والے سن لیں آپ کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔
معاون خصوصی فردوس عاشق نے مزید کہا کہ راج کماری نے کنیزوں کے جھرمٹ میں حکومت کو دھمکیاں دیں، جو لوگ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ لینے نکلے وہ خود استعفیٰ دے رہے، اپوزیشن کو وزیراعظم کے استعفے سے لیکراپنے استعفے تک کاسفر مبارک ہو، ہماری ایک پیاری جماعت سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کررہی ہے لیکن وہی جماعت پنجاب میں کھلے عام جلسے کررہے ہیں۔





































