تازہ تر ین

اپوزیشن مینار پاکستان پر 10جلسے بھی کرلے کوئی فرق نہیں پڑتا،سیاسی قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑوں گا:عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن مینار پاکستان پر دس جلسے کرلے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ حکومتی و پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کیلئے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے ، یہ مجھے جانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتانہیں کروں گا۔خود ان کا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے ۔ یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کررہے ہیں۔ ہمیں عوام کی فکر ہے ، جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے ۔ہم جلسہ نہیں روکیں گے ، ان کی خواہش ہے کہ حکومت جلسہ روکے ۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے ، حکومت ان کو تصادم کا موقع فراہم نہیں کرے گی۔اجلاس میں لاہور میں سرکاری زمینوں پر قبضے کے خلاف جاری آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔ قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن ملک بھر میں تیز کریں گے ۔ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے ۔ان کو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے ۔ سارے مل کر زور لگا رہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور ان کی چوری بچ جائے ۔ کسی سیاسی یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی فٹ بال کک اور کراٹے کے مظاہرے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا گزشتہ دنوں میں نے دیکھا فردوس پنجاب جاکر بہت متحرک ہو گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے لوگوں کو اسی جنون کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈکوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نشے کے کینسر کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی، نئی نسل کو بچانے کے لئے معاشرے کو مل کر منشیات، جرائم اور کرپشن سے لڑنا ہے ، ملک میں 70 لاکھ نوجوان منشیات کی لعنت کا شکار ہیں،سکولوں کے بچے بھی اس کے عادی ہو رہے ہیں،افغان جہاد کے بعد ملک میں منشیات کی لعنت درآئی، اس مسئلہ کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا کیونکہ خیال یہ تھا کہ اس سے پاکستان کا نقصان نہیں ہو رہا لیکن جس چیز کو قرآن نے برا کہا ہے وہ معاشرے کو نقصان پہنچاتی ہے ۔ اسی طرح معاشرے میں ناجائز طریقے سے دولت کمانے والوں کو تسلیم کرنا بدقسمتی ہے ۔ معاشرہ جب تک کرپٹ لوگوں کو برا نہیں سمجھتا، اس وقت تک کرپشن صرف نیب اور انصاف کے نظام سے نہیں رک سکتی، پورے معاشرے کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے ۔ سنگاپور میں بھی کرپشن تھی لیکن ان کے رہنما لی کوان جو نے سب سے پہلے کرپشن کو نشانہ بنایا ، ان کی 15سالہ وزارت عظمیٰ کے بعد ان کا ایک وزیر کرپشن میں پکڑا گیا تو اس نے خودکشی کر لی کیونکہ اس نے سمجھا کہ معاشرے میں اب میری جگہ نہیں رہی۔ ناجائز طریقوں ، کرپشن اور منشیات سے حاصل ہونے والے پیسے نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ یہ پیسہ سیاست اور کرپشن کو فروغ دینے کے لئے استعمال ہوا۔ ماضی میں منشیات اور کرپشن کے پیسے سے کئی لوگ انتخابات بھی جیتے اور وہ ایسے لوگوں کو تحفظ بھی فراہم کرتے تھے ۔ ملک میں 70 لاکھ نوجوانوں کا نشے کا عادی ہونا انتہائی قابل تشویش ہے ، یہ اتنی بڑی تعداد ہے کہ نیوزی لینڈ اور سنگا پور سمیت کئی ممالک کی آبادی بھی اس سے کم ہے ۔ ایک گھر میں جب کوئی شخص منشیات میں مبتلا ہو جاتا ہے تو اس کی وجہ سے ناصرف وہ بلکہ اس کا پورا گھرانہ تباہ ہو جاتا ہے ۔ نشے کی وجہ سے ہی لوگ بیوی بچوں تک کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اپنے خاندانوں کو تباہ و برباد کردیتے ہیں۔ معاشرے میں منشیات کا کینسر تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ سنتھیٹک ڈرگز منشیات کی نئی شکل ہے جو سکولوں اور تعلیمی اداروں میں بھی پھیل چکی ہے ۔ ایسے بچے نہ تو تعلیم حاصل کر سکتے ہیں اور نہ ہی زندگی کی جدوجہد میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ چھوٹی عمر میں منشیات کے استعمال سے انہیں چھوڑنا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔ صرف اے این ایف منشیات کی روک تھام نہیں کر سکتی، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم سے اکیلے نہیں نمٹ سکتے ، پورے معاشرے کو مل کر منشیات، جرم اور کرپشن سے لڑنا ہے ۔ صرف نیب یا دوسرے ادارے بہتری نہیں لا سکتے ۔ کوئی بھی معاشرہ جرائم، منشیات اور کرپشن پر اجتماعی کوششوں کے ذریعے قابو پا سکتا ہے ۔وزیر اعظم نے سنگاپور اور امریکا کی مثال دی جہاں کرپشن کو برداشت نہیں کیاجاتا اور معاشرہ اسے قبول نہیں کرتا۔ وزیر اعظم نے معاشرے پر زور دیا کہ منشیات اور کرپشن کے خلاف مل کر لڑیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تمام متعلقہ وزارتوں پر مشتمل کونسل تشکیل دے گی تاکہ صحت، تعلیم سمیت مختلف وزارتیں معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے اور نوجوان نسل کو بچانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے اے این ایف میں نفری کی تعداد بڑھانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے اور متعلقہ وزارتوں کو بھی متحرک کیا جائے گا۔ منشیات کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلے گی اور مل کر اس سے لڑیں گے ۔ قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے انسدادِ منشیات فورس کے ہیڈ کوارٹرز کی نئی عمارت کا افتتاح کیا، یادگارِ شہدا پر چادر چڑھائی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمدعارف ملک نے منشیات سمگلنگ کی روک تھام اور اے این ایف کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ دریں اثنا وزیر اعظم نے پارکو کی طرف سے کوسٹل آئل ریفائنری لگانے کے حوالے سے اجلاس کی بھی صدارت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا پارکو ریفائنری کا اضافہ پٹرولیم کے شعبہ کے لئے انتہائی خوش آئند ہے ، منصوبے کی تکمیل سے ملکی سطح پر آئل ریفائنری کی استعداد میں بہتری کے ساتھ مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات بنانے کی صلاحیت حاصل ہو گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ چھ مہینوں کے اندر ٹرمینل لگانے کا کام شروع ہو جائے گا، مزید یہ کہ سال بعد ریفائنری لگانے کا کام شروع کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیر اعظم نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریاں معینہ مدت کے اندر پوری کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا نظام وضع کریں جس کی بدولت سبسڈی صرف اور صرف غریب اور حقدار لوگوں کو میسر ہو۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم عمران خان سے چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے الوداعی ملاقات کی ۔وزیرِ اعظم نے ریٹائرمنٹ پانے والے افسر کی خدمات کو سراہا اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain