پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف سارے جمہوری پارلیمانی آپشن استعمال کریں گے جس میں استعفے بھی شامل ہیں۔
اپوزیشن کے 11 جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 3 بڑی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں تینوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔
مشاورتی اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان ، بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کی۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے نکلے ہیں اور پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم میں شامل 11 جماعتیں سب ایک پیج پر ہیں۔
استعفوں سے متعلق انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ہم سارے جمہوری پارلیمانی آپشن استعمال کریں گے جس میں استعفے بھی شامل ہیں اور ہم اس حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے ہر ہتھیار استعمال کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے اعلان سے اب تک آگے ہی بڑھتے جارہے ہیں، پیپلز پارٹی اس موضوع پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ( سی ای سی) کا اجلاس بلارہی ہے، جس میں ارکان کی رائے لیں گے جبکہ اعتزاز احسن پیپلز پارٹی کے سینیئر لیڈر ہیں، پارٹی کا جو فیصلہ ہوگا وہ اعتزاز کا بھی اتنا ہی ہوگا جتنا میرا ہے۔