اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو مذہبی آزادی فہرست میں شامل کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ اس موضوع پر باہمی طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی طرف سے اس حقیقت کو نظر انداز کیا گیا ۔پاکستانی معاشرہ مختلف مذاہب اور مذہبی ہم آہنگی پر مشتمل ہے ۔پاکستان کا آئین ہر قسم کی مذہبی آزادی اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے ۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک نظر انداز کرنے سے امریکی رپورٹ پر سوالات جنم لیتے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ریاست کی سرپرستی میں تشدد ریکارڈ کا حصہ ہے ۔پاکستان نے اس معاملے پر جائزہ لینے کے حوالے سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے ۔





































