وفاقی وزیر برائے داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے ، اگر ان میں ہمت ہے تو راولپنڈی کی طرف آکر دکھائیں۔ اتوار کو اسلام آباد میں فریڈم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان چوروں اور ڈاکوں سے مفاہمت کی بجائے ان کا احتساب کریں گے اور وہ پاکستان کو ترقی دلوائیں گے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور معیشت کو ٹھیک کریں گے ،اپوزیشن اتحاد سے متعلق وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کی تحریک دم توڑ رہی ہے ، اگر ان میں ہمت ہے تو راولپنڈی کی طرف آکر دکھائیں، جو لوگ 29دسمبر کی تاریخیں دیتے تھے انہیں سال بھی بتانا چاہئے تھا،انہوں نے کہا کہ یہ لوگ استعفے نہیں دیں گے ، سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے ، پیپلزپارٹی کا پنجاب میں کوئی عمل دخل نہیں رہا، عوام نے احتساب کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، مریم نواز نے مسلم لیگ ن کو اس حال تک پہنچایا، وہ دور اندیشی سے کام لیتیں تو یہ حال نہ ہوتا، سارا پاکستان پاک فوج کیساتھ ہے ، بھارت اپنے ایجنٹوں اور سرمایہ کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے ، پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام ہونگی، وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کو ٹھیک کرے گا، عمران خان کی جدوجہد کو دنیا کی تاریخ میں یاد رکھا جائیگا، انہوں نے کہا کہ علما اور ایم ڈبلیو ایم نے بہت تدبر کا ثبوت دیا ہے ، اپوزیشن اس دھرنے کو غلط استعمال کررہی تھی، ہزارہ قبیلے نے دوراندیشی کا ثبوت دیا اور ملک کو مسئلوں سے بچایا، انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے ، ہماری فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں، پاک فوج چوروں اور ڈاکوئوں کے لئے جان نہیں دے رہی، یہ پاکستان اور اسلام کے لیے جان دے رہی ہے ۔
